دو مداح کنگ خان کے گھر منت میں گھس گئے

   

ممبئی ۔بالی ووڈ انڈسٹری کے سوپر اسٹار شاہ رخ خان ان دنوں بحث میں ہیں۔ شاہ رخ کی فلم پٹھان نے باکس آفس پر دھوم مچا دی ہے۔ پٹھان کو گزشتہ ماہ ریلیزکیا گیا تھا لیکن اب تک اس کی دلکشی برقرار ہے۔ شاہ رخ کے پٹھان کا ڈنکا پوری دنیا میں بج رہا ہے۔ ادھر شاہ رخ خان کے حوالے سے ایک ایسی خبر سامنے آئی ہے کہ جان کر ہرکوئی دنگ رہ گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ممبئی پولیس نے منت میں شاہ رخ خان کے گھر میں گھسنے پر 2 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس پر یقین کیا جائے تو دونوں کو اداکار کے سکیورٹی گارڈ نے پکڑ لیا اور بعد میں پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ یہ دونوں گجرات سے شاہ رخ خان سے ملنے آئے تھے۔ رات کو دو نوجوان حفاظتی دیوار توڑکر منت میں داخل ہوئے، حیرت کی بات یہ ہے کہ یہ دونوں نوجوان منت میں داخل ہونے کے بعد بنگلے کی تیسری منزل تک پہنچ گئے تھے۔ لیکن تبھی سیکورٹی گارڈزکی نظر ان نوجوانوں پر پڑی۔ اس نے دونوں کو پکڑکر پولیس کے حوالے کردیا۔ جس وقت یہ دونوں منت میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے اس وقت شاہ رخ خان اپنے گھر میں موجود نہیں تھے۔ اس وقت کنگ خان فلم جوان کی شوٹنگ کر رہے تھے۔