نرمل۔ 13 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر بھاویش مشرا، ضلع ایس پی ڈاکٹر جانکی شرمیلا اور ضلع کے اعلیٰ افسران کا ایک اہم اجلاس آج کلکٹریٹ میں منعقدہوا جس میں ضلع میں دھان اور مکئی کی خریداری کے عمل کو گوداموں تک اناج کی بروقت نقل و حمل اور کسانوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنے کو یقینی بنانے کے اقدامات پر غوروخوض کیا گیا۔ اس موقع پر عہدیداروں نے خریداری مراکز کے کام کاج اناج کے ذخیرے نقل و حمل کی سہولیات لاریوں کی دستیابی وغیرہ پر تبادلہ خیال کیا اور متعلقہ محکموں کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں کہ کسانوں کے ذریعہ خریدی مراکز پر لائے گئے۔ اناج کو جلد خریدکر گوداموں تک پہونچا جائے۔ ضلع ایس پی جانکی شرمیلا نے کہا کہ اناج کی آسانی سے حمل و نقل کو یقینی بنانے کیلئے ضلع میں 16 چیک پوسٹ قائم کئے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کیلئے خریداری مراکز پر مناسب سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ اس اجلاس میں ضلع کلکٹر بھاویش مشرا آئی اے ایس ضلع ایس پی ڈاکٹر جانکی شرمیلا آئی پی ایس نرمل سب ڈیویژنل پولیس آفیسر پی سرینواس بھینسہ اے ایس پی سائی کرن IPS اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔