سرینگر: ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات سری نگر مختار احمد نے صبح کے وقت دھند میں باہر نکلنے والے بچوں اور بزرگوں کو احتیاطی طور پر ماسک لگانے کی تاکید کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سری نگر میں 27 نومبر تک دھند چھائی رہنے کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے اور اس دوران سردی میں بھی اضافہ ہی متوقع ہے ۔ بتادیں کہ سری نگر میں گذشتہ چند روز سے صبح کے وقت گہری دھند چھائی رہنے کا سلسلہ جاری ہے اور شہر کئی علاقوں میں منگل کی صبح بھی دھند چھائی رہی۔دھند چھائی رہنے سے جہاں سری نگر ہوائی اڈے پر صبح کے وقت کم سے کم تین پروازوں کو تاخیر ہوئی وہیں زمینی ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل بھی قدرے متاثر ہوئی۔ موصوف ڈائریکٹر نے اس سلسلے میں بتایا کہ سری نگر میں 27 نومبر تک دھند چھائی رہنے کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے اور اس دوران کچھ علاقوں میں گہری دھند چھائی رہ سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بچے اور بزرگ جن کو اس دھند میں باہر نکلنا پڑتا ہے ، کو چاہئے کہ وہ بنا بر احتیاط ماسک لگا کر باہر نکلیں۔