دھونی کو سوپرہیرو دیکھنے کیلئے تیار ہو جائیں، پوسٹر جاری

   

ممبئی : وِرجو اسٹوڈیو نے مڈاس ڈیلس کے ساتھ مل کر اپنے آئندہ میگا بجٹ گرافک ناول ’اَتھرو۔ دی اوریجن‘ کا موشن پوسٹر جاری کیا ہے۔ آفیشیل موشن پوسٹر چہارشنبہ کے روز کرکٹر مہندر سنگھ د ھونی کے ذریعہ اپنے آفیشیل فیس بک ہینڈل پر جاری کیا گیا۔ موشن پوسٹر میں دھونی، حامیوں کو اَتھرو کی دنیا کی ایک جھلک دیتے ہیں اور ساتھ ہی ایک سوپر ہیرو کی شکل میں کرکٹر کے پہلے لُک کی جھلک بھی دکھاتے ہیں۔ قارئین کو ایک دلچسپ تجربہ فراہم کرنے کی کوشش میں تخلیق کاروں نے اَتھرو کی حیرت انگیز دنیا کو بنانے کیلئے کئی سالوں تک فنکاروں کی ایک ٹیم کے ساتھ لگن سے کام کیا ہے۔قارئین کو ایک الگ دنیا میں ٹیلی پورٹ کرتے ہوئے رمیش تھمل منی کے ذریعہ تحریر کردہ، ایم وی ایم ویل موہن کی صدارت میں اور ونسینٹ آدیکل راج اور اشوک منور کے ذریعہ تیار کردہ اس گرافک ناول میں 150 سے زیادہ تصاویر ہیں جو تفریحی اور دلچسپ کہانی پیش کرتے ہیں۔اس پروجیکٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ہندوستان کے سابق کپتان اور چینائی سوپر کنگز کے کپتان نے کہا ’’میں اس پروجیکٹ سے جڑنے کے بعد بہت پرجوش ہوں۔ اَتھرو۔ دی اوریجن ایک پرکشش کہانی کے ساتھ ایک دلکش گرافک ناول ہے۔‘‘تھلی منی کا اس پروجیکٹ کے تعلق سے کہنا ہے کہ یہ ان کے دل کے انتہائی قریب ہے، یعنی یہ ان کا ڈریم پروجیکٹ تھا۔