دھونی کھیلتے رہے تو میں بھی واپسی کروں گا: ڈیولیرس

   

نئی دہلی۔ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان اور تجربہ کار بلے باز مہندر سنگھ دھونی کا اثر صرف ہندوستانی کرکٹروں پر ہی نہیں بلکہ دنیا کے بہت سے دوسرے کھلاڑیوں پر بھی ہے اور خاص طور پر جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز اے بی ڈی ولیرس پر۔سال 2018 میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ لے چکے ڈیولیرس نے یہ اعتراف کیا ہے کہ اگر دھونی 2023 تک کرکٹ کھیلتے رہے تو وہ 2023 ورلڈ کپ سے ایک بار پھر بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے بارے میں غور کریں گے ۔مسٹر 360 ڈگری نام سے مشہور ڈیولیرس نے ایک پروگرام کے دوران کہاکہ 2023 ورلڈ کپ تک میں 39 سال کا ہو جاؤں گا۔ اگر دھونی اس وقت تک کھیلتے رہے تو میں بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی پر غور کروں گا۔انڈین پریمیئر لیگ میں پسندیدہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شمار ڈیولیرس نے لیگ میں دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے پر کہا کہ تمام کھلاڑیوں کے ساتھ بلے بازی کرنے کا مختلف تجربہ ہے ۔ انہوں نے اس دوران ہندستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور کرس گیل کے مقابلے میں کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کا اپنا الگ مزاج ہے ۔35 سالہ کھلاڑی نے کہا کہ وراٹ زبردست کھلاڑی ہیں۔ انہیں 10 میں 10 پوائنٹس دیے جانے چاہئیں جبکہ گیل پرسکون مزاج کے ہیں۔ انہوں نے 23 مئی، 2018 کو بین الاقوامی کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد سے ڈی ویلیئرز دنیا کی مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگ میں کھیلتے رہے ہیں ۔ حال ہی میں وہ رائل چیلنجر بنگلور کے لئے آئی پی ایل کے 12 ویں سیزن میں کھیلے تھے ۔بڑے شاٹس لگانے میں ماہر جنوبی افریقہ کھلاڑی نے آئی پی ایل 12 میں 44.20 کی اوسط سے 440 رن بنائے تھے تاہم ان کی ٹیم کوالیفائرس میں نہیں پہنچ سکی تھی۔ انہوں نے اپنا آخری بین الاقوامی ون ڈے مقابلہ ہندستان کے خلاف 2018 میں کھیلا تھا۔