دھونی کی کیا ورلڈ کپ ٹیم میں واپسی ہوگی ؟

   

نئی دہلی رواں آئی پی ایل میں آدھے سے زیادہ ٹورنمنٹ ختم ہو چکا ہے اور پورے ایونٹ کے دوران زیادہ تر بحث اس بات پر ہورہی ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کے لیے ہندوستانی ٹیم میں کس کو جگہ ملے گی؟ ٹورنمنٹ کے ابتدائی چند دنوں تک ویراٹ کوہلی موضوع بحث بنے رہے لیکن دھیرے دھیرے وکٹ کیپرکا معاملہ گرم ہوتا گیا جس کے کئی دعویدار تھے۔ اب ان میں سے کس کو موقع ملے گا اس بارے میں سب کی الگ الگ رائے ہے۔ اس سب کے درمیان اچانک ایم ایس دھونی کی ٹیم میں واپسی کا مسئلہ کھڑا ہوگیا ہے جس نے ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ توکیا چیف سلیکٹر اجیت اگرکر واقعی کچھ چونکانے والا ہے؟ ہندوستانی ٹیم اور چنئی سوپر کنگزکے سابق کپتان دھونی ان دنوں آئی پی ایل 2024 میں اپنا جلوہ دکھا رہے ہیں۔ گھٹنے کی چوٹ کے باوجود دھونی ہر میچ میں پورے 20 اوور تک وکٹ کیپنگ کر رہے ہیں لیکن جب بیٹنگ کی بات آتی ہے تو وہ صرف آخری 2-3 اوور میں ہی آتے ہیں اور اس میں کمال کررہے ہیں، جس کی وجہ سے ٹیم میں ان کی واپسی پر بحث شروع ہو گئی ہے لیکن کیا واقعی ایسا ہو گا؟ یہ بحث کون کر رہا ہے اورکیوں؟ دھونی نے 2020 میں بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی لے لی۔ انہوں نے آخری بار 2019 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ اس کے بعد سے وہ صرف آئی پی ایل میں نظر آتے رہے ہیں لیکن گزشتہ سیزن اور خاص طور پر اس سیزن میں ان کے بیٹنگ کارکردگی نے شائقین کو خوش کردیا ہے۔ ایسے میں وکٹ کیپر پر جاری بحث کے درمیان کیا دھونی سبکدوشی سے ہٹ کر ٹیم انڈیا میں واپس آسکتے ہیں؟ اسٹار اسپورٹس کے ایک شو میں ٹیم انڈیا کے دو سابق تیز گیند بازوں نے اس کے لیے اپنی امید ظاہر کی۔ ورون آرون، جو دھونی کی ریاست جھارکھنڈ سے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایم ایس دھونی ٹی20 ورلڈکپ میں ہندوستان کی طرف سے وائلڈ کارڈ انٹری ہو سکتے ہیں۔ ایسے میں سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے بھی کہا کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو شاید ہی کسی کو کوئی اعتراض ہو۔ پٹھان نے کہا کہ اگر دھونی ورلڈکپ میں کھیلنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں توکوئی بھی انہیں انکار نہیں کر سکے گا اور کسی کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی کیونکہ وہ شاندار بیٹنگ کر رہے ہیں۔ رواں آئی پی ایل کے بارے میں بات کریں تو دھونی ہمیشہ کی طرح کیپنگ میں اپنا جادو دکھا رہے ہیں لیکن وہ بیٹنگ میں بھی اپنا حقیقی جلوہ دکھا رہے ہیں۔ آخری اوورز میں دھونی صرف چوکے اور چھکے لگا رہے ہیں۔ اب تک دھونی نے 6 اننگز میں بیٹنگ کی اور صرف35 گیندوں میں 91 رنز بنائے جس میں 8 چوکے اور8 چھکے شامل تھے۔ ان کا سب سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ 260 ہے۔