دھوکہ دہی کے الزام میں ہندوستانی شہری گرفتار

   

واشنگٹن ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہندوستانی کو تقریباً 400 افراد کو دھوکہ دیکر ان سے کم و بیش 800,000 ڈالرس کا سرقہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ افسوس کی بات تو یہ ہیکہ اس نے جن لوگوں کو نشانہ بنایا ان میں اکثریت ہندوستانی شہریوں کی ہے۔ اس نے ایک پروویژنل ’’کریڈٹ‘‘ اسکیم کے تحت 400 لوگوں کو بیوقوف بنایا۔ اطلاعات کے مطابق 30 سالہ کشور بابو امیسیٹی کو ایک وفاقی فوجداری شکایت کے تحت دھوکہ دہی کے معاملہ میں ملوث پائے جانے پر 25 جنوری کو گرفتار کیا گیا۔ امیسیٹی کو یو ایس مجسٹریٹ جج ڈونا مارٹینز کے ہارٹ فورڈ، کنکٹی کٹ میں واقع اجلاس پر پیش کیا گیا۔ استغاثہ نے بتایا کہ امیسیٹی 2013ء میں اسٹوڈنٹ ویزا پر امریکہ آیا تھا جبکہ ویزا 2014ء میں غیر کارکرد ہوگیا تھا۔ امیسیٹی نے فیس بک مارکیٹ پلیس اور دیگر میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے اپنے شکاروں کو پھانسا جن میں اکثریت ہندوستانی شہریوں کی تھی جو اپنے بہتر مستقبل کیلئے امریکہ آئے تھے لیکن غیرملک میں بھی ان کے ہی ملک کے شہری نے انہیں لوٹ لیا۔ امیسیٹی اخبارات میں مختلف اشیاء کی فروخت اور کمروں کو کرائے پر دینے کا اشتہار دیتے ہوئے اپنے شکار سے رابطہ قائم کرتا تھا۔