دہرؤراٹھی کی ویڈیوز کا سوشیل میڈیا پر تہلکہ

   

گودی میڈیا اور واٹس ایپ یونیورسٹی کے گمراہ کن پروپگنڈہ کے خلاف کوششوں کی سراہنا
حیدرآباد۔25اپریل(سیاست نیوز) ملک میں انتخابات کے دوران گودی میڈیا اور واٹس ایپ یونیورسٹی کی جانب سے پھیلائے جانے والے گمراہ کن پروپگنڈہ کو مسترد کرنے کے لئے دہرؤ راٹھی کی ویڈیوز نے نہ صرف سوشل میڈیا بلکہ ملک کے کئی دیہی علاقوں اور مواضعات میں تہلکہ مچایا ہوا ہے ۔گودی میڈیا اوربھارتیہ جنتا پارٹی کی واٹس ایپ یونیورسٹی کی جانب سے پھیلائے جانے والے جھوٹے پروپگنڈہ کو ختم کرنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کی سراہنا کرنے والوں میں دیہی علاقوں کے عوام بھی شامل ہوچکے ہیں کیونکہ ان کے ویڈیوز بہ آسانی سمجھ میں آنے لگے ہیں کیونکہ وہ بی جے پی کی واٹس ایپ یونیورسٹی کے پروپگنڈہ کو نہ صرف پھیلنے سے روک رہے ہیں بلکہ اس کے جواب میں حقائق کو پیش کرتے ہوئے عوام کی آنکھیں کھولنے کا کام کر رہے ہیں۔دہرؤراٹھی جن کے X کے مائکرو بلاگنگ پلیٹ فارم پر 21 لاکھ سے زیادہ فالوورس ہیں نے نہ صرف اپنے X پلیٹ فارم بلکہ یوٹیوب اور واٹس ایپ چیانل کے ذریعہ اس پروپگنڈہ کا توڑکرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنے ویڈیوز میں یہ بتا رہے ہیں کہ کس طرح بھارتیہ جنتا پارٹی اپنے واٹس ایپ یونیورسٹی کے ذریعہ معصوم عوام کے ذہنوں میں منافرت پیدا کرتے ہوئے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے اپنے حالیہ ویڈیو کے ذریعہ جو تہلکہ مچایا ہے اس کے خلاف ہندوتوا قوتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہونے لگی ہیں اور اس کے جواب میں انہیں گالیاں دی جا رہی ہیں کیونکہ ان کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کا کوئی جواب نہیں دے پا رہے ہیں۔کانگریس کی تشہیری گاڑیاں جو کے ملک کے مختلف مواضعات میں چلائی جا رہی ہیں ان گاڑیوں میں لگائے گئے بڑے اسکرین پر دہرؤ راٹھی کے ویڈیوز چلاتے ہوئے عوام میں شعور بیدار کیا جا رہاہے۔اس کے علاوہ جو لوگ ملک میں جمہوریت اور آزادی کے تحفظ کے لئے کوشاں ہے وہ بھی راٹھی کے مشن 100 کروڑ سے جڑنے لگے ہیں ۔ دہرؤ راٹھی نے اپنے مشن 100 کروڑ کے ذریعہ اس بات کا اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے ویڈیوز کے ذریعہ بی جے پی کے پروپگنڈہ کے خلاف روزانہ 100کروڑ افراد تک اپنے ویڈیوز پہنچانے کے اقدامات کررہے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ وہ ملک میں جمہوریت اور دستور کے تحفظ کے لئے کوشش کر رہے ہیں۔3