دہشت گردی سے مرعوب نہیں ہوں گے :عمر عبداللہ

   

سرینگر،27مئی(یو این آئی) جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ ریاست دہشت گردی جیسے بزدلانہ حملوں سے مرعوب نہیں ہوگی اور ترقی کے سفر کو کسی صورت میں روکا نہیں جا سکتا۔ وہ آج پہلگام میں منعقدہ ایک خصوصی کابینہ اجلاس کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کر رہے تھے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پہلگام میں کابینہ اجلاس کا انعقاد محض انتظامی کارروائی نہیں بلکہ ایک واضح پیغام ہے کہ حکومت اور عوام دہشت گردی کے سامنے نہیں جھکیں گے ۔انہوں نے کہاکہیہ اجلاس اُن عناصر کیلئے پیغام ہے جو وادی میں خوف کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ہم نہ جھکے ہیں نہ جھکیں گے ۔پہلگام کے عوام اور وادی کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف ایک آواز میں مذمت کر کے اپنے اتحاد کا ثبوت دیا۔‘میں کشمیری عوام، خاص طور پر پہلگام کے لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے 22 اپریل کے حملے کی کھل کر مخالفت کی۔’عمر عبداللہ نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر میں سیاحت کے شعبے کو درپیش مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ سیاحت کو تنازعات سے الگ رکھا جانا چاہیے اور اسے امن یا معمولات کا پیمانہ نہیں بنانا چاہیے ۔ان کے مطابق سیاحت ایک معاشی سرگرمی ہے ، اسے کسی بھی صورت میں دہشت گردی سے متاثر نہیں ہونا چاہیے ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت سیاحتی مقامات کا سیکیورٹی آڈٹ کرے گی اور پھر تدریجی طور پر انہیں دوبارہ کھولا جائے گا۔یہ پہلا موقع ہے کہ عمر عبداللہ کی حکومت کے دور میں کابینہ اجلاس سری نگر یا جموں کے بجائے کسی تیسرے مقام، یعنی پہلگام میں منعقد ہوا۔