دہلی میں سابق چیف منسٹر اروند کجریوال پر پانی پھینکا گیا

,

   

نئی دہلی : قومی دارالحکومت دہلی میں آج ایک شخص نے سابق چیف منسٹر اروند کجریوال پر پانی پھینکا جب وہ پدیاترا کر رہے تھے ۔ اس واقعہ کے ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سکیوریٹی عملہ اور کجریوال کے حامیوں نے اس شخص کو پکڑ لیا اور اسے زد و کوب کیا گیا ۔ عام آدمی پارٹی کنوینر کجریوال یہ دیکھتے رہ گئے کہ ان کے ساتھ کیا ہوا ہے ۔ پولیس ذرائع نے کہا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسٹر کجریوال اپنے حامیوں کے ساتھ جنوبی دہلی کے مالویہ نگر علاقہ میں پیدل دورہ کر رہے تھے ۔ ان پر پانی پھینکنے والے شخص کی اشوک جھا کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے اور اسے گرفتار کرکے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے ۔ عام آدمی پارٹی لیڈر سوربھ بھردواج نے الزام عائد کیا کہ اس حملے کے پس پردہ بی جے پی کارفرما ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں لا اینڈ آرڈر ٹوٹ چکا ہے اور مرکزی حکومت اور وزیر داخلہ حالات کو بہتر بنانے کچھ نہیں کر رہے ہیں۔ دہلی بی جے پی ترجمان پروین شنکر کپور نے کہا کہ مسٹر کجریوال اپنے پرانے ہتھکنڈے اختیار کرنے لگے ہیں اور وہ دہلی اسمبلی انتخابات کو نظر میں رکھتے ہوئے ایسا کر رہے ہیں جو آئندہ سال کے اوائل میں ہونے والے ہیں۔