دہلی میں نمازیوں کے ساتھ بدسلوکی پر مولاناجعفر پاشاہ کا احتجاج

   

حیدرآباد۔/10 مارچ، ( سیاست نیوز) امیر امارت ملت اسلامیہ تلنگانہ و آندھرا پردیش مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے ملک میں پولیس کی بڑھتی لاقانونیت، تشدد اور درندگی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے دہلی میں نمازیوں کے ساتھ پولیس عہدیدار کے غیراخلاقی اور غیرجمہوری رویہ کی مذمت کی اور گجرات کے جوناگڑھ شہر میں درگاہ شریف کی بے حرمتی اور مسمار کئے جانے کو سیاہ دن سے تعبیر کیا۔ مولانا جعفر پاشاہ نے کہا کہ دہلی میں جمعہ کو پولیس عہدیدار نے نماز سے روکنے کیلئے جو حرکت کی ہے وہ انسانیت کو شرمسار کرتی ہے۔ اس واقعہ نے محکمہ پولیس کی کارکردگی کو داغدار کردیا ہے۔ صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ سماج کے امن پسند ہندو بھائیوں اور دیگر طبقات نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ ملک اور بیرون ملک ہندوستان کی شبیہہ متاثر ہوئی ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ جنونی عہدیدار نے ترقی پانے کیلئے اپنی ذہنیت کا مظاہرہ کیا تاکہ سیاسی آقاؤں کو خوش کیا جائے۔ مذکورہ پولیس عہدیدار کو نہ صرف برطرف کیا جائے بلکہ قانون کے مطابق سزاء دی جائے۔ انہوں نے گجرات کے جوناگڑھ میں درگاہ شریف کو مسمار کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ راتوں رات علاقہ کی ناکہ بندی کرتے ہوئے یہ حرکت کی گئی۔ مولانا جعفر پاشاہ نے کہا کہ سماج کا ہر طبقہ اولیاء اللہ کا احترام کرتا ہے۔ ظالم حکمرانوں کو ظلم سے باز آجانا چاہیئے کیونکہ حکومتیں صرف پیار و محبت اور تمام اقوام کے درمیان اتحاد و اتفاق سے چلتی ہیں۔ انہوں نے حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کی درگاہ شریف سے متعلق بے ہودہ اور گستاخانہ خیالات کی مذمت کی۔1