دہلی میں کانگریس تنہا لڑے گی، عاپ سے انتخابی اتحاد نہیں

   

نئی دہلی 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس آنے والے لوک سبھا انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے ساتھ دہلی میں اتحاد نہیں کرے گی اور چناؤ تنہا لڑے گی، اِس کی اسٹیٹ یونٹ کی سربراہ شیلا ڈکشٹ نے آج یہ بات کہی۔ اُنھوں نے صدر پارٹی راہول گاندھی کے ساتھ دہلی کانگریس قائدین کی میٹنگ کے بعد میڈیا والوں کو بتایا کہ ہم نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ ہم عام آدمی پارٹی (عاپ) کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کریں گے اور تنہا چناؤ لڑتے ہوئے مضبوط بن کر اُبھریں گے۔ شیلا نے کہاکہ راہول نے اپریل / مئی میں منعقد شدنی لوک سبھا چناؤ کے لئے عاپ کے ساتھ اتحاد کے خلاف فیصلے سے اتفاق کیا ہے۔ اِس اعلان کے تھوڑی دیر بعد چیف منسٹر دہلی اور عاپ کنوینر اروند کجریوال نے کانگریس پر بی جے پی کے ساتھ خفیہ مفاہمت کا الزام عائد کیا اور اِسے ناپاک اتحاد قرار دیا۔ اُنھوں نے ٹوئٹ کیاکہ ایسے وقت جبکہ ملک مودی ۔ شاہ جوڑی کو شکست دینا چاہتا ہے ، کانگریس مخالف بی جے پی ووٹ تقسیم کرتے ہوئے بی جے پی کی مدد کررہی ہے۔ ایسی افواہیں ہیں کہ کانگریس نے بی جے پی کے ساتھ خفیہ مفاہمت کرلی ہے۔ دہلی کانگریس ۔ بی جے پی اتحاد کے خلاف لڑائی کیلئے تیار ہے۔