ایم ایل سی کے کویتا کا سیاسی کیریئر ختم: ڈی اروند ایم پی بی جے پی کا الزام
حیدرآباد ۔ 19 نومبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے سیاسی ماحول میں ا چانک تبدیلی اور ایک دوسرے پر حملوں کے دوران بی جے پی اور ٹی آر ایس میں عملاً سیاسی جنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔ اس دوران نظام آباد کے رکن پارلیمنٹ ڈی ارویند نے ایم ایل سی کویتا پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے سیاست میں ذات پات کو اہمیت دینے کا الزام لگایا اور کہا کہ ’’ویلما‘‘ طبقہ کے بھرم پر کے سی آر اور ان کا خاندان اکڑ دکھا رہا ہے۔ ریاست میں ’’ویلما‘‘ طبقہ انتہائی کم تعداد میں ہونے کے باوجود آج اقتدار پر قابض ہے۔ اروند نے کے سی آر پر ویلما طبقہ کے بھرم اور اس کے گھمنڈ کا الزام لگایا۔ رکن پارلیمنٹ نے ایم ایل سی کویتا کے خلاف پولیس اسٹیشن بنجارہ ہلز میں شکایت درج کروائی اور کہا کہ رکن کونسل کا سیاسی مستقبل ختم ہوچکا ہے۔ وہ سیاست میں اپنے وجود کو ثابت کرنے کیلئے اس طرح کی اوچھی حرکتوں پر اترارہی ہے اور ذات پات کے بھرم پر سیاسی اثرورسوخ کے ذریعہ سیاست میں اپنا مقام حاصل کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ اروند نے کے سی آر خاندان پر ’’ویلما دورا‘‘ اور آمرانہ طرزعمل اختیار کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ چاہے جتنی بھی کوشش کرلی جائے، ایم ایل سی کویتا انتخابات میں اپنی ڈپازٹ کو بھی بچانے کی طاقت نہیں رکھتی۔ع