ذاکر نائک ٹرسٹ کو نامعلوم بہی خواہوں سے کروڑہا روپئے کا فنڈ موصول

,

   

اسلامی ریسرچ فاؤنڈیشن ممبئی کو زکوٰۃ کی صورت میں ر قومات کی وصولی کی تحقیقات
نئی دہلی ۔ /26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ متنازعہ مبلغ اسلام ذاکر نائک کو ان کے نامعلوم بہی خواہوں کی جانب سے بینک اکاؤنٹ میں کروڑہا روپئے جمع ہوئے ہیں ۔ برسوں سے ان کی تقاریر نفرت پیدا کرنے اور مسلم نوجوانوں میں دہشت گردی کیلئے اکسانے کا کام کرنے کے الزامات کے بعد انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن ممبئی کے چیاریٹی ٹرسٹ جن پر ذاکر نائک کا کنٹرول ہے کو مبینہ طور پر زکوٰۃ کی شکل میں کروڑہا روپئے کا فنڈ وصول ہوتا ہے ۔ یہ فنڈس بیرونی ممالک جیسے سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، بحرین ، کویت ، اومان ، ملیشیا اور دیگر ممالک سے وصول ہوتا ہے ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے اپنی تحقیقات میں پتہ چلایا ہے کہ اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کی جانب سے مختلف بینک اکاؤنٹس قائم کئے گئے ہیں جن میں 53 سالہ مبلغ اسلام ذاکر عبدالکریم نائک کیلئے فنڈس جمع کیا جاتا ہے ۔ یہ بینک اکاؤنٹس سٹی بینک ، ڈی سی بی بینک لمیٹیڈ اور یونین بینک آف انڈیا میں کھولے گئے ہیں ۔ ذاکر نائک تحقیقات سے بچنے کیلئے فرار ہوئے ہیں اور وہ اس وقت ملیشیاء میں مقیم ہیں ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی رپورٹ کے مطابق فنڈس فراہم کرنے والے نامعلوم افراد نے اپنا نام بہی خواہاں بتایا ہے ۔