رات دیر گئے تک ہوٹلس اور ریستوران ،فٹ پاتھس پر غذائی اشیاء کی فروختگی کے خلاف کارروائی ندارد

   

چبوترہ مشن کے ذریعہ نوجوانوں کی کونسلنگ ، قتل کی سنگین وارداتوں سے شہریوں میں بے چینی
حیدرآباد /4 جنوری ( سیاست نیوز ) پرانے شہر میں پائی جانے والی بے چینی اور قتل کی وارداتوں کے بعد ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ پولیس نیند سے جاگی ہے ۔ پولیس نے منچلے اور راتوں میں جاگنے والے گلی کوچوں اور چوراہوں پر وقت گذارنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔ پولیس نے پرانے شہر میں اچانک چبوترا مشن کا احیاء کیا ہے اور ہر دن ہر ایک علاقہ میں چبوترا مشن کے نام پر کارروائی کی جارہی ہے ۔ تاہم دوسری طرف بازاروں کا رات دیر گئے تک کھلا رہنا ہوٹل اور رسٹورنٹس و فٹ پاتھ پر غذائی اشیاء کی فروخت کی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ ان پر روک لگانے کے اقدامات کو اہمیت دینے کے بجائے چبوترا مشین کے احیاء پر پولیس تنقید کا سامنا کر رہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کمشنر پولیس حیدرآباد کی خصوصی ہدایت پر چبوترا مشن کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور راتوں میں غیر ضروری وقت گذارنے والوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے ۔بالخصوص پرانے شہر کے علاقوں بھوانی نگر ، مغل پورہ ، چھتری ناکہ ، چندرائن گٹہ اور دیگر پولیس اسٹیشن حدود میں پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ہے ۔ گذشتہ دنوں پرانے شہر کے علاقوں میں معمولی بات اور پرانی دشمنی اور آپسی خصومت کے تحت قتل کی سنگین وارداتیں پیش آئیں اور ان واقعات کے سبب عام شہریوںمیں بے چینی کا ماحول پایا جاتا ہے۔ ایسے واقعات کے تدارک اور جرائم پر قابو پانے کیلئے پولیس کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما ڈیویژن مسٹر شیخ جہانگیر نے بتایا کہ ہر دن نائیٹ ڈیوٹی آفیسر کو یہ ذمہ داری تفویض کی گئی ہے ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد کی خصوصی ہدایت پر ڈی سی پی ساؤتھ زون کی نگرانی میں چبوترا مشن انجام دیا جارہا ہے ۔ اے سی پی فلک نما نے بتایا کہ راتوں میں سڑکوں اور گلی کوچوں اور چوراہوں پر وقت گذارنے والے نوجوانوں کو حراست میں لیکر ان کو کونسلنگ کی جارہی ہے اور کونسلنگ میں لڑکوں کے والدین کو بھی طلب کیا جارہا ہے ۔ تاکہ رات کے جاگنے سے صحت پر پڑھنے والے مضر اثرات اور سماج میں پیدا ہونے والی بے چینی کے تعلق سے انہیں آگاہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چبوترا مشین کے ذریعہ جرائم پر قابو پانے کے علاوہ نوجوان نسل کو صحیح انداز میں رہنمائی ہوگی اور بالخصوص نوجوان نسل کو نشہ کی لعنت کا شکار ہونے سے بچانا ممکن ہوپائے گا ۔ راتوں میں غیر ضروری وقت گذاری کے سبب نوجوان نسل بری عادتوں کا شکار ہو رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چبوترا مشن سے بہتر نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔ع

اور عوام کی جانب سے درخواستیں بھی حاصل ہونے لگی ہیں کہ اپنے علاقوں میں چبوترا مشن کو انجام دیا جائے ۔ ع