راجستھان اسمبلی سے بی جے پی کا واک آئوٹ

   

جئے پور۔23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن بی جے پی نے آج راجستھان اسمبلی کے اجلاس سے واک کیا۔ اسے زرعی قرضہ جات معاف کرنے کے حکومت راجستھان کے مبینہ ارادے پر اعتراض تھا۔ بی جے پی رکن اسمبلی ہمویر سنگھ نے ضمنی سوالات کے دوران مطالبہ کیا کہ حکومت کو واضح طور پر بیان دینا چاہئے کہ کس تاریخ کو زرعی قرضہ جات معاف کیے جائیں گے اور رقم کاشت کاروں کے کھاتوں میں جمع کی جائے گی۔ انہوں نے یاد دہانی کی کہ کانگریس زیر قیادت مخلوط اتحاد نے تیقن دیا تھا کہ اقتدار پر آنے کے اندرون 10 دن ایسا کیا جائے گا۔ سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر امداد باہمی اودئے لال انجنا نے کہا کہ استفادہ کنندگان کی اہلیت کا فیصلہ کیا جارہا ہے اور اس کے بعد بھی قرضہ جات معاف کیے جائیں گے۔ تاہم قائد اپوزیشن گلاب چند کٹاریہ نے اس پر اظہار عدم اطمینان کیا اور حکومت سے اصرار کیا کہ برسر اقتدار آنے کے اندرون 10 دن زرعی قرضے معاف کیے جائیں جیسا کہ تیقن دیا گیا تھا۔