جے پور: راجستھان میں 25 نومبر کو ہونے والے اسمبلی عام انتخابات کے پیش نظر پولس نے ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے 19 ویں دن 200 کروڑ روپے کا غیر قانونی مواد ضبط کرنے کا ہندسہ عبور کر لیا ہے ۔ پولیس کے سرکاری ذرائع کے مطابق اس عرصے کے دوران پولیس کی کامیاب کارروائیوں کی وجہ سے ضابطہ اخلاق کے 19ویں دن ہی غیر قانونی مواد کی ضبطی 200 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کر گئی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں 60 دنوں میں 65 کروڑ روپے ضبط ہوئے تھے ۔ روزانہ اوسطاً 1 کروڑ سے 11 کروڑ روپے پکڑے جا رہے ہیں۔ راجستھان انتخابات کی تاریخ میں اب تک ریکارڈ اعداد و شمار ضبط کیے گئے ہیں ۔ 60 کروڑ روپے کی منشیات، 20 کروڑ روپے سے زیادہ کی نقدی، سونا اور چاندی اور غیر قانونی شراب ضبط کی گئی ہے ۔ اس دوران بھاری مقدار میں مفت کپڑے ، اسلحہ اور گاڑیاں بھی ضبط کی جا رہی ہیں۔ راجستھان پولیس فلائنگ اسکواڈز، ناکہ بندیوں اور خصوصی ٹیموں کی مدد سے کارروائی کر رہی ہے اور ایسے عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے جو پیسے کی طاقت کے غلط استعمال کے ذریعہ اسمبلی انتخابات کو متاثر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔