امن و امان کی فضا خراب کرنے کی کوششوں پر شدید تشویش
حیدرآباد، 21 نومبر (سیاست نیوز) بی جے پی سے مستعفی گوشہ محل کے رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے ایک مرتبہ پھر اشتعال انگیز اور متنازعہ بیان دیتے ہوئے ہندو طبقہ کے افراد سے اپنے دفاع کے نام پر لائسنس یافتہ بندوقیں خریدنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والے ایک ویڈیو میں راجہ سنگھ کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ مستقبل میں سیکیورٹی چیلنجس پیدا ہو سکتے ہیں، جن کا مقابلہ کرنے کے لیے ابھی سے چوکنا رہنے اور قانونی اجازت نامہ حاصل کر کے اسلحہ رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کی آبادی کے تناسب کے حوالے سے بے بنیاد خدشات کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو اپنے دفاع کے طریقوں کے بارے میں بیداری بڑھانے اور کسی بھی مشکل صورتحال کے لیے تیار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔راجہ سنگھ کے اس بیان کا ویڈیو منظر عام پر آتے ہی ریاست کے سیاسی و سماجی حلقوں میں شدید بحث چھڑ گئی ہے۔ مبصرین اور امن پسند شہریوں کا ماننا ہے کہ پرامن تلنگانہ اور بالخصوص حیدرآباد کی گنگا جمنی تہذیب و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے کے لیے اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیانات دیے جا رہے ہیں۔ سماجی حلقوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایسے بیانات کا سخت نوٹس لینا چاہیے جو معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانے اور اسلحہ کلچر کو فروغ دینے کا باعث بن سکتے ہیں۔ 2