دہلی طرز پر عمل آوری کا فیصلہ ، آمد و رفت پر مسافرین کو مکمل رہبری
حیدرآباد۔17 ۔اگسٹ(سیاست نیوز) دہلی ائیر پورٹ پر کامیابی کے ساتھ اتھتیہ خدمات چلانے کے بعد اب حیدرآباد ائیر پورٹ پر ان خدمات کے آغاز کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ جلد ہی ان خدمات کے آغاز کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر تمام مسافرین کو اہم شخصیات کے طرز پر ان کی خدمت اور ان کی مناسب رہبری کے لئے ’’ آتھتیہ‘‘ خدمات کے آغاز کے سلسلہ میں فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ان خدمات کے آغاز کے ساتھ ہی ائیر پورٹ کا استعمال کرنے والے تمام مسافرین خواہ وہ روانگی کے ہوں یا واپسی کے مسافرین ہوں ان تمام کو یہ سہولت حاصل رہے گی۔ ذرائع کے مطابق ائیر پورٹ سے روانہ ہونے والے مسافرین سے حکام کی ملاقات اور ان کی رہبری ‘ بورڈنگ کارڈ کے حصول اور سامان جمع کروانے میں مدد کے علاوہ ائیر پورٹ پر پہنچنے والے مسافرین کے لئے لگیج بیلٹ کی تفصیلات کی فراہمی اور ان کی دوسری مربوط پروازوں کے متعلق آگہی کے علاوہ ٹیکسی کی سہولت کی فراہمی کے سلسلہ میں بھی مسافرین کی مدد کی جائے گی۔راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پور ٹ پر ان خدمات کے آغاز کے بعد کہا جا رہاہے کہ مسافرین کے ائیر پورٹ سفر کے احساس میں تبدیلی ریکارڈ کی جائے گی اور معہ افراد خاندان و احباب سفر کرنے والوں کو اس نئی سہولت سے کافی فائدہ حاصل ہوگا۔ اس سہولت کے دہلی میں تجرباتی اساس پر آغاز کے بعد اس میں حاصل ہونے والی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیاگیا ہے کہ اب یہ خدمات دہلی کے بعد حیدرآباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر شروع کی جائیں۔ بتایاجاتا ہے کہ آتھتیہ خدمات کے آغاز کے ساتھ ہی مسافرین کو ائیر پورٹ میں اور ائیر پورٹ سے نکلنے تک قدم قدم پر رہنمائی دستیاب رہے گی اور مسافرین کو کسی قسم کی کوئی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا بلکہ وہ بہ آسانی اپنے سفر کا آغاز کرسکتے ہیں۔ شہر حیدرآباد سے مربوط پروازیوں کے مسافرین جو ائیر پورٹ سے ہی کسی اور مقام کا سفر کرنے والے ہیں ان کے لئے بھی آتھتیہ خدمات کافی سہولت بخش ثابت ہوگی اور اس سے بڑی تعداد میں استفادہ کی توقع کی جا رہی ہے۔م