راجیو گاندھی کی 75 ویں جینتی ، کانگریس قائدین کا خراج

   

سائینس و ٹکنالوجی کے شعبہ میں ملک کی ترقی راجیو گاندھی کی دین، اتم کمار ریڈی ، محمد علی شبیر ، ہنمنت راؤ اور دوسروں کا خطاب

حیدرآباد۔/20 اگسٹ، ( سیاست نیوز) آنجہانی راجیو گاندھی کی 75 ویں جینتی تقاریب کے موقع پر پردیش کانگریس کمیٹی نے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ملک کی ترقی کیلئے ان کے کارناموں کی یاد تازہ کیا۔ مختلف علاقوں سے ریالی کی شکل میں لوگ سوماجی گوڑہ میں واقع راجیو گاندھی کے مجسمہ تک پہنچے۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ اور سابق وزیر محمد علی شبیر نے استقبال کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ ملک میں ٹکنالوجی کے فروغ اور سیکولرازم کیلئے راجیو گاندھی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ راجیو گاندھی انتہائی کم عمری میں وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز ہوئے تاہم انہوں نے کئی اصلاحات پر عمل کرتے ہوئے ملک کو سائینس و ٹکنالوجی کے شعبوں میں دنیا میں نمایاں مقام تک پہنچادیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض طاقتیں کانگریس قائدین کی دیش بھکتی پر سوال کررہی ہیں۔ یہ مثال ایسی ہی ہے جیسے اپنے دادا کو سبق پڑھایا جائے۔ سابق رکن پارلیمنٹ ملوروی اور رکن اسمبلی سریدھر بابو نے بھی راجیو گاندھی کو خراج پیش کیا اورکہا کہ راجیو گاندھی نے ملک کیلئے اپنی جان نچھاور کردی۔صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہاکہ آج کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی کی جینتی تقاریب تلنگانہ کے گاؤں گاؤں میں منائی جائیں گی۔انہوں نے گزشتہ 18 برسوں سے جینتی تقاریب کے انعقاد پر ہنمنت راؤ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹکنالوجی کے شعبہ میں ہندوستان کو دنیا میں جو برتری حاصل ہے اس کا سہرا راجیو گاندھی کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدبختی کی بات ہے کہ بی جے پی برسراقتدار آنے کے بعد سے گاندھی ۔ نہرو خاندان کے بارے میں تاریخ کو مسخ کرکے پیش کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ نے پارلیمنٹ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی پنڈت جواہر لعل نہرو اور سردار پٹیل میں اختلافات ظاہر کررہی ہے۔ کرن کمار ریڈی نے تحفظات کے بارے میں موہن بھاگوت کے دیئے گئے بیان پر سخت تنقید کی اور کہا کہ ان کے بیان سے بی جے پی کا اصلی چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ 18سال کے نوجوانوں کو رائے دہی کا حق راجیو گاندھی نے دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے مجالس مقامی کو اختیارات دیتے ہوئے گاؤں میں ترقی کی راہ ہموار کی۔ اندرا گاندھی کی موت کے بعد راجیو گاندھی نے ذمہ داری کو سنبھالا اور ویمنس امپاورمنٹ کیلئے مساعی کی۔ مقامی اداروں میں خواتین کی نمائندگی میں اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے بی سی، ایس سی، ایس ٹی کو جو تحفظات فراہم کئے موہن بھاگوت ان کا دوبارہ جائزہ لینے کی بات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کے نتیجہ میں پسماندہ طبقات کو آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم میں داخلے حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ راجیو گاندھی کی جینتی کے موقع پر ہر سال کھلاڑیوں کو اعزازات پیش کئے جاتے ہیں تاکہ نوجوانوں کی کھیل کود کے سلسلہ میں حوصلہ افزائی ہو۔ انہوں نے پارٹی میں قدیم کارکنوں کو نظر انداز کرنے کی شکایت کی۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکراما رکا،سابق سی ایل پی لیڈر جانا ریڈی، سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا اور دوسروں نے بھی راجیو گاندھی کو خراج پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے غریبوں کی بھلائی کیلئے غیر معمولی اقدامات کئے تھے۔