راجیہ سبھا سے ٹی آر ایس کے تین ارکان معطل

   

حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی (پریس نوٹ)راجیہ سبھا کی کارروائی میں خلل اندازی پر منگل کو 19 ارکان کو ایک ہفتہ کیلئے معطل کیا گیا ہے جن میں تین ارکان کا تعلق تلنگانہ راشٹرا سمیتی سے ہے، ان میں دامودر راؤ دیوا کنڈا ، وی روی چندرا اور لنگیا یادو شامل ہیں۔ ٹی آر ایس ارکان کے بشمول دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے جی ایس ٹی، افراط زر اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ پر حکومت کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں پہنچ گئے اور ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے کارروائی میں خلل پیدا کی۔ ارکان کے مسلسل احتجاج پر نائب صدر نشین راجیہ سبھا ہری ونش نے ارکان سے بارہا اپیل کی کہ وہ ایوان کے وسط کو چھوڑ دیں ۔ بعد ازاں مملکتی وزیر پارلیمانی امور وی مرلیدھرن نے ان کے خلاف تحریک پیش کی۔ نائب صدرنشین راجیہ سبھا نے ارکان کو معطل کردیا اور جن ارکان کو ایک ہفتہ کیلئے معطل کیا گیا ان کے نام پڑھ کر سنائے۔ دیگر جماعتوں کے ارکان میں ترنمول کانگریس کے 7 شامل ہیں۔