راجیہ سبھا چناؤ سے قبل ایک اور گجراتی کانگریس ایم ایل اے مستعفی

   

گاندھی نگر ، 5جون (سیاست ڈاٹ کام)گجرات میں راجیہ سبھا کی چار نشستوں کے لئے 19 جون کو ہونے والے انتخابات سے قبل سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی کانگریس کو جھٹکا لگنے کا سلسلہ جاری ہے اور اس کے ایک اور رکن اسمبلی برجیش مریجہ نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے ۔اس سے قبل بدھ کی رات کو ، کرجن سیٹ کے کانگریس کے دو اراکین اسمبلی اکشے پٹیل اور کپڑاڈا کے جیتو چودھری نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ یہ انتخابات پہلے 26 مارچ کو ہونے والے تھے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کردیئے گئے تھے اور اب یہ انتخاب 19 جون کو ہونے جارہا ہے ۔ اس سے قبل مارچ میں بھی کانگریس کے پانچ اراکین اسمبلی نے استعفیٰ دیا تھا ، جس کے بعد پارٹی نے باقی ایم ایل اے کو راجستھان کے ایک ریسارٹ میں رکھا تھا۔ اب تک پارٹی کے کل آٹھ ممبران اسمبلی نے استعفی دے دیا ہے ۔ان نشستوں کے لئے حکمران بی جے پی کے تین اورکانگریس کے دو امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کیے ہیں۔