راج بھون کے خلاف سوشیل میڈیا پر جاری مہم کی مذمت

   

حیدرآباد ۔28 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کے خلاف سوشیل میڈیا پر جاری مہم پر راج بھون میں سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ راج بھون کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تمام جمہوریت پسند افراد سے اپیل کی گئی کہ سوشیل میڈیا پر راج بھون کے خلاف جاری پروپگنڈہ کی مذمت کریں۔ راج بھون نے بے بنیاد الزامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ دستوری عہدہ کو تنازعہ میں شامل کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشیل میڈیا پر سیاسی تنازعات میں راج بھون کو گھسیٹنا مناسب نہیں ہے۔ سوشیل میڈیا میں جاری اس مہم سے نہ صرف گورنر بلکہ راج بھون کا وقار مجروح ہوسکتا ہے ۔ راج بھون نے جمہوریت پر ایقان رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشیل میڈیا پر مفاد حاصلہ کی جانب سے راج بھون اور گورنر کے خلاف مہم کی مذمت کریں۔ر