راج شیکھر ریڈی ’ راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانا چاہتے تھے : شرمیلا

,

   

وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی سربراہ کانگریس میں شامل ۔ پارٹی بھی ضم کردی ۔ والد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی جدوجہد کا عزم
حیدرآباد۔/4 جنوری، ( سیاست نیوز) وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی سربراہ شرمیلا نے آج دہلی میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی اور ساتھ ہی اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کردینے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرمیلا نے کہا کہ کانگریس ملک کی سب سے بڑی سیکولر جماعت ہے ، ان کے والد آنجہانی راج شیکھر ریڈی نے راہول گاندھی کو ملک کا وزیر اعظم بنانے کے عزم کا اظہار کیا تھا وہ اپنے والد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے کانگریس میں شامل ہوئی ہیں۔ میڈیا کے اس استفسار پر کہ کیا انہیں آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر نامزد کیا گیا ہے وائی ایس شرمیلا نے کہا کہ کانگریس ہائی کمان پارٹی میں انہیں جو بھی ذمہ داری دے گی وہ اس کو قبول کریں گی۔ آندھرا پردیش تو کیا انڈومان نکوبار کی بھی ذمہ داری دیتی ہے تو وہ اس کو قبول کریں گی۔ شرمیلا نے کہا کہ کانگریس میں شامل ہوکر انہیں بے حد خوشی ہورہی ہے۔ سیکولر کانگریس مرکز میں اقتدار پر نہ ہونے کی وجہ سے منی پور جل اٹھا ہے۔ ملک کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد انہوں نے اپنی جماعت کو کانگریس میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج سے ان کی جماعت کانگریس کا حصہ بن گئی ہے۔ کانگریس جب تک رہے گی ان کی پارٹی بھی اس وقت تک رہے گی۔ ملک میں سماجی انصاف کرنے والی کانگریس واحد جماعت ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میں مخالف کے سی آر حکومت ووٹ تقسیم ہونے سے بچانے اسمبلی انتخابات میں مقابلہ سے دور رہتے ہوئے کانگریس کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا سے ملک میں نیا انقلاب برپا ہورہا ہے۔ اسی یاترا کی وجہ سے کرناٹک و تلنگانہ میں کانگریس حکومت تشکیل پائی ہے۔ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا سے ملک کے عوام اور انہیں ( شرمیلا ) کو نیا حوصلہ ملا ہے۔ کانگریس پارٹی میں شامل ہوکر خوشی اور فخر محسوس کررہی ہیں۔ سماج کے تمام طبقات کو متحد کرنے کی صرف کانگریس پارٹی طاقت رکھتی ہے۔ وہ بغیر مقابلہ کئے تلنگانہ میں بی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرنے میں اہم رول ادا کرچکی ہیں۔ اب باری مودی کو اقتدار سے بیدخل کرنے کی ہے جس کیلئے وہ کام کریں گی۔ مستقبل کی حکمت عملی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے شرمیلا نے کہا کہ چند دنوں میں میڈیا کو اس کا پتہ چل جائے گا، اب وہ کانگریس کا حصہ بن گئی ہیں ان کے مستقبل کا فیصلہ کانگریس ہائی کمان کرے گا۔ اس موقع پر شرمیلا کے شوہر کے علاوہ کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، آندھرا پردیش کانگریس کے صدر ردراراجو ؤ دیگر قائدین موجود تھے۔ بعد ازاں شرمیلا نے سونیا گاندھی سے ملاقات کرکے ان کا آشیرواد بھی حاصل کیا۔ واضح رہے کہ 8 جولائی 2021 میں شرمیلا نے وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی تشکیل دی تھی۔ اکٹوبر 2021 کو چیوڑلہ سے پدیاترا کا آغاز کیا تھا۔ آج انہوں نے اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کردیا۔2