نئی دہلی، 14 جولائی (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ پارٹی رام مندر چڑھاوا چوری کے معاملے کے ساتھ ہی ملک کے عوام سے جڑے تمام سلگتے اور اہم مسائل کو پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں نمایاں طور پر اٹھائے گی۔کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے منگل کو صحافیوں سے کہا کہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں عوام سے جڑے ہر مسئلے کو اٹھائے گی اور حکومت سے ان پر جواب مانگے گی۔ انہوں نے کہا کہ رام مندر چڑھاوا چوری کا معاملہ اہم ہے ۔ یہ صرف بدعنوانی کا معاملہ نہیں ہے بلکہ ہندوؤں کے عقیدے پر حملہ بھی ہے اس لیے پارٹی اسے پارلیمنٹ میں پوری مضبوطی سے اٹھائے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آر ایس ایس اور وشو ہندو پریشد اس چوری کیلئے ذمہ دار ہیں لیکن یہ انتہائی حیران کن ہے کہ یہ تنظیمیں کہتی ہیں کہ وہ اس واقعے سے دکھی ہیں۔قابلِ ذکر ہے کہ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 20 جولائی سے 13 اگست تک چلے گا۔ اس دوران حکومت جہاں مختلف قانون سازی کے کاموں کو پارلیمنٹ میں پیش کرے گی وہیں اپوزیشن مہنگائی، بے روزگاری، انتخابی عمل، رام مندر چڑھاوا چوری سمیت کئی مسائل پر حکومت کو گھیرنے کی تیاری میں ہے ۔