راکیش ریڈی بی آر ایس گریجویٹ کوٹہ کونسل کے امیدوار

   

حیدرآباد ۔ 4 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس سربراہ کے سی آر نے نلگنڈہ، ورنگل اور کھمم گریجویٹ کوٹہ کونسل کے ضمنی انتخاب کیلئے اے راکیش ریڈی کو بی آر ایس کا امیدوار نامزد کیا ہے۔ ضلع ہنمکنڈہ کے حسن پرتی منڈل ونگاپہاڑ موضع سے تعلق رکھنے والے راکیش ریڈی نے بٹس پلانی کے بشمول امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے۔ امریکہ میں سٹی بنک منیجر کے علاوہ جے پی مارگن، فیس بک کے بشمول دیگر کارپوریٹ کمپنیوں میں کام کیا ہے۔ سیاسی میدان میں خدمات انجام دینے 2013 اسٹیٹ سکریٹری اور بی جے پی ترجمان کی حیثیت سے کام کیا ۔ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی سے مستعفی ہوکر بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ اس حلقہ کی کونسل میں نمائندگی کرنے والے پی راجیشور ریڈی نے اسمبلی انتخابات میں اسمبلی حلقہ جنگاؤں سے کامیابی حاصل کی، جس کے بعد وہ کونسل سے مستعفی ہوگئے۔ الیکشن کمیشن نے اس گریجویٹ کونسل حلقہ کے ضمنی انتخاب کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے پیش نظر بی آر ایس پارٹی نے راکیش ریڈی کو امیدوار نامزد کیا ہے۔2