راہول اور پرینکا رہا، مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان

,

   

سونیا گاندھی زیرحراست قائدین سے ملاقات کیلئے پولیس اسٹیشن پہنچیں
نئی دہلی ۔21جولائی ( ایجنسیز ) طلبا پر لاٹھی چارج کے خلاف وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے قریب احتجاج کے دوران حراست میں لیے گئے راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا سمیت تمام اپوزیشن قائدین کو تین گھنٹے کی حراست کے بعد دہلی پولیس نے رہا کر دیا ۔ رہائی کے بعد پرینکا نے کہا کہ طلبہ کے معاملے کو دوبارہ پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی راہول گاندھی مضبوط ہیں اور ہر مشکل کا سامنا کر سکتے ہیں۔ ادھر راہول گاندھی نے کہا کہ حکومت چاہے جتنا زور لگا لے، طلبہ کے انصاف کی لڑائی نہ رکے گی اور نہ ہی جھکے گی۔ قبل ازیں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی حراست میں لیے گئے اپوزیشن قائدین سے ملاقات کیلئے نئی دہلی کے مندر مارگ پولیس اسٹیشن پہنچ گئیں۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ لوک کلیان مارگ پر پْرامن احتجاج کے دوران حراست میں لیے گئے قائدین سے اظہارِ یکجہتی کیلئے سونیا گاندھی پولیس اسٹیشن پہنچی ہیں۔ کانگریس نے کہا کہ جمہوریت کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، جمہوری حقوق کے تحفظ اور عوام کی آواز بلند کرنے کیلئے کانگریس اپوزیشن کیساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔
سونیا گاندھی کی پولیس اسٹیشن آمد کو اپوزیشن کے احتجاج کیلئے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی واضح حمایت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔