راہول اور پرینکا کی گرفتاری ناکام حکومت کے تکبر کا ثبوت: ریونت ریڈی

   

بی جے پی خوفزدہ ، عوام کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا،جدوجہد میں شدت یقینی

حیدرآباد۔7 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ہندوستان میں جمہوریت کے تحفظ کیلئے راہول گاندھی کی جدوجہد سے بی جے پی خوفزدہ ہے۔ نئی دہلی میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کے دوران لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی ، پرینکا گاندھی اور کانگریس سمیت انڈیا اتحاد کی دیگر پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے قائدین کی گرفتاری پر ریونت ریڈی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن قائدین کو جمہوری انداز میں احتجاج سے روکنا اور گرفتاریاں ایک ناکام حکومت کے تکبر اور بوکھلاہٹ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیر قیادت حکومت راہول گاندھی کی جدوجہد سے خوفزدہ ہے جو ملک ، دستور اور عوام کے حق رائے دہی کے تحفظ کیلئے کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں اس طرح کے واقعات کی کئی مثالیں موجود ہیں ، جب حکمرانوں نے طاقت کے بل پر جمہوری احتجاج کو کچلنے کی کوشش کی۔ جدوجہد آزادی کے دوران برطانوی سامراج نے مہاتما گاندھی ، پنڈت نہرو ، بال گنگا دھر تلک ، سردار پٹیل ، سبھاش چندر بوس اور دیگر قومی رہنماؤں کو مختلف مواقع پر بے بنیاد الزامات کے ذریعہ گرفتار کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں حق رائے دہی کے تحفظ اور جمہوریت کے علاوہ ملک کے مستقبل کے تحفظ کیلئے لاکھوں شہری احتجاج کر رہے ہیں۔ ایسے اقدامات اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے بجائے جدوجہد کو مزید مضبوط کریں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی جے پی کو جان لینا چاہئے کہ کانگریس پارٹی اپنے عزم اور ارادہ سے پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے۔ ملک کے مفاد اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے ہم اپنی تمام تر صلاحیتیں اور توانائیاں صرف کریں گے۔ ہندوستان کی جمہوری قوتیں اپنی جدوجہد آخری دم تک جاری رکھیں گی اور راہول گاندھی کی قیادت میں جمہوریت کے تحفظ کی یہ لڑائی مزید مضبوط ہوگی۔1/k