راہول نے اذان کی آواز پر تقریر روک دی

,

   

کرناٹک کے تمکور میں جلسۂ عام سے خطاب ۔ بی جے پی حکومت پر تنقید

بنگلورو:کرناٹک اسمبلی انتخاب کے پیش نظر سبھی سیاسی پارٹیوں کے سرکردہ قائدین ریاست میں انتخابی تشہیر پرزور انداز میں کر رہے ہیں۔ آج کرناٹک کے تمکور میں کانگریس قائد راہول گاندھی نے جلسہ عام سے خطاب کیا جس میں ریاست کی بی جے پی حکومت کے ساتھ ساتھ مرکز کی مودی حکومت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس درمیان ایک ایسا موقع آیا جب اچانک راہول گاندھی تقریر کرتے ہوئے رْک گئے۔ دراصل انھوں نے اپنی تقریر اذان کی آواز سن کر روک دی تھی۔اس موقع کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب راہول گاندھی عوام سے خطاب کر رہے تھے تو کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال ان کے پاس آئے اور اذان ہونے کی جانکاری دی۔ راہول گاندھی فوراً خاموش ہو گئے اور اشارے میں لوگوں سے بھی خاموش ہونے کو کہا۔ پھر جب اذان پوری ہو گئی تو راہول گاندھی نے اپنی تقریر دوبارہ شروع کی۔تمکور میں اپنی تقریر کے دوران راہول گاندھی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس بار اپنی حکومت بنائیں اور مضبوطی کے ساتھ بنائیں۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ مرتبہ بھی آپ نے بی جے پی کی حکومت نہیں بنائی تھی، لیکن بی جے پی نے اراکین اسمبلی کو خرید کر اور جمہوریت کو نیست و نابود کرکے اپنی حکومت بنا لی۔ راہول گاندھی نے مزید کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں بی جے پی نے صرف بدعنوانی کی ہے۔ کرناٹک کے لوگ بھی بی جے پی حکومت کو 40 فیصد کی حکومت کہتے ہیں، مطلب وہ ہر کام میں عوام سے 40 فیصد کمیشن لیتے ہیں۔