راہول گاندھی میں ایک بہترین وزیراعظم ہونے کی تمام خوبیاں موجود

,

   

صدر کانگریس کے امیج کو دھکہ پہونچانے بی جے پی ہزاروں کروڑ خرچ کررہی ہے :تیجسوی یادو کا بیان

نئی دہلی ۔ /27 جنور ی (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی میں ایک بہترین وزیراعظم بننے کی تمام خوبیاں پائی جاتی ہیں۔ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے صدر کانگریس کے امیج کو دھکہ پہونچانے کے لئے ہزاروں کروڑ روپئے خرچ کرکے ایک پروپگنڈہ مشنری شروع کی ہے ۔ لیکن بی جے پی اپنی لاکھ کوششوں کے باوجود راہول گاندھی کو نقصان نہیں پہونچاسکتی ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ملک کا آئندہ وزیراعظم کون ہوگا یہ مسئلہ عظیم اتحاد کے ارکان کی اجتماعی رائے سے 2019 ء انتخابات کے بعد ہی حل کرلیا جائے گا ۔ راہول گاندھی کی قیادت کے بارے میں اب کوئی مسئلہ نہیں ہے اور نہ ہی ان کی صلاحیتوں پر کوئی سوالیہ نشان پایا جاتا ہے ۔ ان کے خلاف اس طرح کی منفی مہم کے باوجود بھی بی جے پی ان کا کچھ نہیں بگاڑسکی ۔ راہول گاندھی نے اپنے خلاف پروپگنڈہ مہم چلانے والوں کو منہ توڑ جواب دیدیا ہے ۔ اپنی ثابت قدمی ، صبر و استقلال ، رحم دلی اور سخت محنت کے ذریعہ عوام کے دلوں کو جیت لیا ہے ۔ ملک کی 3 بڑی ریاستوں چھتیس گڑھ ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں کانگریس کی کامیابی نے راہول گاندھی کی قیادت میں جان ڈالدی ہے اور عوام نے ان پر اعتماد کرنا شروع کیا ہے ۔ جن 69 فیصد رائے دہندوں نے 2014 ء میں مودی کو ووٹ نہیں دیا تھا ان کے لئے راہول گاندھی پسندیدہ لیڈر بن گئے ہیں ۔ اس سوال پر کہ آیا راہول گاندھی میں ایک اچھے وزیراعظم بننے کی تمام خوبیاں پائی جاتی ہیں تو انہوں نے کہا کہ جی ہاں تمام خوبیاں ہیں ۔ کانگریس ملک کی قدیم ترین قومی پارٹی ہے اور راہول خود بھی گزشتہ 15 سال سے پارلیمنٹ میں ہیں۔ یہ مت بھولئیے کہ ملک کی پانچ ریاستوں میں ان کی پارٹی کے پانچ چیف منسٹرس ہیں اور راہول گاندھی ان کی قیادت کررہے ہیں ۔ اب ان کی قیادت کے بارے میں شبہ کرنے کی ضرورت ہی نہیں ہے ۔ گزشتہ ماہ ڈی ایم کے صدر اسٹالین نے بھی پہلی مرتبہ برسرعام کانگریس صدر کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار قرار دیا تھا ۔ نریندر مودی حکومت کو شکست دینے والے امیدوار کی حیثیت سے راہول گاندھی کو پیش کرنے کا اعلان بھی کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہی ہمیشہ عوام کی توجہ کا مرکز رہی ہے جس میں عوام کو اپنی پسند کا لیڈر منتخب کرنے کی آزادی دی گئی ہے ۔ بہار کے سابق چیف منسٹر لالو پرسادو یادو کے فرزند 29 سالہ تیجسوی نے کہا کہ ہم ایک آمریت پسند کو دوبارہ حکومت تشکیل دینے کی اجازت نہیں دیں گے ۔