بیگم پیٹ سے بوئن پلی تک خیرمقدمی فلیکسیز، چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دوسروں نے خیرمقدم کیا
حیدرآباد۔/5 نومبر، ( سیاست نیوز) لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی تلنگانہ میں کل 6 نومبر سے شروع ہونے والے ذات پات پر مبنی مردم شماری سے متعلق اجلاس میں شرکت کیلئے حیدرآباد پہنچے۔ راہول گاندھی خصوصی طیارہ سے بیگم پیٹ ایر پورٹ پہنچے جہاں ان کا پارٹی قائدین اور کارکنوں نے والہانہ استقبال کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور سابق وزراء نے راہول گاندھی کا استقبال کیا۔ ارکان اسمبلی ڈی ناگیندر، اے گاندھی، میئر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی، سابق وزیر محمد علی شبیر، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، سابق رکن پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ اور دیگر قائدین نے راہول گاندھی کا استقبال کیا۔ ہنمنت راؤ نے ملک بھر میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کی تجویز پر راہول گاندھی سے اظہار تشکر کیا اور تلنگانہ میں مردم شماری کے آغاز کیلئے مبارکباد پیش کی۔ بیگم پیٹ ایرپورٹ پر سینکڑوں کی تعداد میں کانگریس کارکنوں نے فلک شگاف نعروں کی گونج میں راہول گاندھی کا استقبال کیا۔ راہول گاندھی نے ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے استقبال کا جواب دیا۔ راہول گاندھی سڑک کے راستہ بوئن پلی میں واقع گاندھی آئیڈیالوجی سنٹر پہنچے اور پارٹی قائدین اور سیول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ بیگم پیٹ سے بوئن پلی تک سڑک کی دونوں جانب کارکنوں اور عوام نے راہول گاندھی کا استقبال کیا۔ جگہ جگہ خیرمقدمی فلیکسی اور پوسٹرس لگائے گئے تھے۔ رکن اسمبلی خیریت آباد ڈی ناگیندر کی قیادت میں کارکنوں کی بڑی ریلی منظم کی گئی۔ آئی میکس تھیٹر کے قریب واقع مجسمہ اندرا گاندھی سے بیگم پیٹ ایرپورٹ تک بائیک ریلی منظم کی گئی۔ کنٹونمنٹ کے کانگریس رکن اسمبلی سری گنیش کی جانب سے راہول گاندھی کا استقبال کیا گیا۔ بیگم پیٹ سے بوئن پلی تک سڑک کی دونوں جانب کانگریس پارٹی کی جانب سے خیرمقدمی بیانرس لگائے گئے تھے اور کارکنوں نے راہول گاندھی زندہ باد کے نعروں کی گونج میں قافلے کو آگے بڑھایا۔1