راہول گاندھی کے دورہ کو کامیاب بنانے کے اقدامات

   

ورنگل اور کھمم میں ریونت ریڈی کا مجوزہ دورہ،23 اپریل کو گاندھی بھون میں اجلاس
حیدرآباد۔/19 اپریل، ( سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قائد راہول گاندھی کے 6 مئی کو دورہ ورنگل کو کامیاب بنانے کیلئے پردیش کانگریس کمیٹی متحرک ہوچکی ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، اسٹار کیمپنر اور رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور مدھو یاشکی گوڑ 22 اپریل کو ورنگل کا دورہ کرتے ہوئے آرٹس کالج گراؤنڈ پر راہول گاندھی کے جلسہ عام کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ راہول گاندھی کسانوں کے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ورنگل کے علاوہ دیگر پڑوسی اضلاع سے کسانوں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے کانگریس مساعی کررہی ہے۔ ریونت ریڈی اور دیگر قائدین جلسہ گاہ پر مقامی قائدین اور متحدہ ضلع ورنگل کے پارٹی قائدین سے مشاورت کریں گے۔ ریونت ریڈی اور دیگر قائدین 21 اپریل کو کھمم ضلع کا دورہ کرتے ہوئے مقامی پارٹی قائدین سے ملاقات کریں گے۔ 23 اپریل کو گاندھی بھون میں پارٹی کا توسیعی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں پردیش کانگریس کے عہدیداروں کے علاوہ پولٹیکل افیرس کمیٹی کے ارکان، ضلع کانگریس صدور، محاذی تنظیموں کے قائدین اور اسمبلی و پارلیمانی حلقوں کے کوآرڈینیٹرس شرکت کریں گے۔ر