رضوان نے بابر سے پہلا مقام چھین لیا

   

دبئی ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم سے ٹی20 کرکٹ کا پہلا مقام چھین لیا گیا ہے ، پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان نئے نمبر ون بیٹر بن گئے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ ٹی 20 پلیئرز رینکنگ کے مطابق محمد رضوان 815 پوائنٹس کے ساتھ ٹی 20 رینکنگ میں سرفہرست ہیں۔پاکستانی کپتان بابر اعظم رینکنگ میں 794 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ٹی 20 پلیئرز رینکنگ کے مطابق جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم تیسرے، ہندوستان کے سوریاکمار یادیو چوتھے اور انگلینڈ کے ڈیوڈ ملن پانچویں نمبر پر ہیں۔ ٹی 20 کرکٹ کے بولروں کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ 792 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی دوسرے نمبر پر ہیں۔انگلش اسپنر عادل رشید تیسرے، افغان کرکٹر راشد خان چوتھے اور آسٹریلیا کے ایڈم زمپا پانچویں مقام پرموجود ہیں۔مرد کھلاڑیوں کی آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی ٹی 20 میں پہلے، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن ونڈے میں سرفہرست اور ہندوستان کے رویندرا جڈیجہ ٹسٹ کرکٹ کے پہلے مقام پر ہیں۔ بدھ کو جاری کی گئی رینکنگ کے مطابق ٹسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے جوروٹ سرفہرست اور ونڈے رینکنگ میں پاکستانی کپتان بابراعظم اب بھی پہلے مقام پر موجود ہیں۔