حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران مسلم سرکاری ملازمین کو ایک گھنٹہ قبل دفتر سے جانے کی اجازت دیتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے آج تمام سرکاری محکمہ جات کو سرکولر جاری کیا ہے جس میں تمام سرکاری، کنٹراکٹ، آؤٹ سورسنگ، بورڈز، پبلک سیکٹر ملازمین، اسکولس کے ملازمین کو رمضان المبارک میں 12 مارچ سے 11 اپریل تک سہ پہر 4 بجے دفتر سے جانے کی اجازت رہے گی۔ رمضان المبارک میں عبادات کے سلسلہ میں یہ رعایت دی گئی ہے۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ اگر ملازمین کی موجودگی ضروری ہو تو انہیں دفتر میں موجود رہنا ہوگا۔ مختلف تنظیموں کی جانب سے رعایت کے سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کی گئی تھی۔ سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بھی چیف سکریٹری کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ہر سال کی طرح مسلم سرکاری ملازمین کو رعایت دیئے جانے کی سفارش کی۔1