رمضان المبارک میں موثر انتظامات کیلئے برقی و آبرسانی عہدیداروں کو ہدایت

   

تفسیر اقبال کا دورہ مکہ مسجد، اقامتی اسکول سوسائٹی دفترکی انیس الغرباء کامپلکس میں عنقریب منتقلی، اقلیتی طلبہ کو سیول سرویس کوچنگ

حیدرآباد۔/12 مارچ، ( سیاست نیوز) اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس نے تاریخی مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے رمضان المبارک کے انتظامات کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا۔ انہوں نے محکمہ جات برقی، آبرسانی اور جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں پرانے شہر میں برقی کی بلا وقفہ سربراہی اور پانی کی موثر سربراہی کے علاوہ کچرے کی نکاسی اور صحت و صفائی کے انتظامات پر ہدایات جاری کی۔ حکومت کی جانب سے پہلے ہی تمام اضلاع کے کلکٹرس کو انتظامات کے سلسلہ میں ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔ تفسیر اقبال نے مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے مصلیوں کی سہولت کیلئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مکہ مسجد میں 2 جنریٹرس کو تیار رکھا جاتا ہے کہ نمازوںکے اوقات میں برقی سربراہی میں خلل نہ پڑے۔ انہوں نے افطار اور تراویح کے موقع پر صفائی کے خصوصی انتظامات اور ٹائیلٹس کے مینٹننس کیلئے زائد عملے کو تعینات کرنے کی ہدایت دی۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں نے بتایا کہ پرانے شہر میں کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ایک ماہ تک انتظامات کی نگرانی کرتی ہے۔ بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے موبائیل ٹرانسفارمرس کو تیار رکھا گیا ہے۔ تفسیر اقبال نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد مکہ مسجد کے ساؤنڈ سسٹم کو تبدیل کیا جائے گا۔ مسجد میں 48 سی سی ٹی وی کیمرے کارکرد ہیں اور گذشتہ سال 8.40 کروڑ کے تعمیری و مرمتی کام انجام دیئے گئے۔ باتھ رومس کی تعمیر پر تقریباً 70 لاکھ روپئے کا خرچ آیا ہے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود نے افطار کے موقع پر مکہ مسجد کیلئے الاٹ کردہ 1200 کیلو کھجور کو بڑھا کر 1500 کیلو کرنے سے اتفاق کیا۔ ضرورت پڑنے پر مزید اضافہ کیا جائے گا۔ جائنٹ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود محمد قاسم، ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر الیاس احمد اور سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی نے انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ تفسیر اقبال نے نامپلی میں واقع انیس الغرباء کامپلکس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے انجینئرس سے تفصیلات حاصل کیں اور اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے دفتر کی عنقریب منتقلی کا اشارہ دیا۔ سوسائٹی کا دفتر بنجارہ ہلز میں کرایہ کی عمارت میں ہے لہذا اسے انیس الغرباء کامپلکس میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفسیر اقبال عنقریب ٹمریز کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں فیصلہ کریں گے۔1
انہوں نے تلنگانہ میناریٹیز اسٹڈی سرکل کے عہدیداروں سے اقلیتی طلبہ کیلئے سیول سرویسس کوچنگ کے آغاز کا جائزہ لیا۔ ہر سال 100 اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسس کی کوچنگ دی جاتی ہے لیکن نتائج حوصلہ افزاء نہیں رہے۔ تفسیر اقبال جاریہ سال سے مزید بہتر انداز میں سیول سرویسس کوچنگ کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ اقلیتی طلبہ منتخب ہوسکیں۔1