رمضان قرب الٰہی اور خیرخواہی کا مہینہ : حامد محمد خان

   

سداسیوپیٹ۔28 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جماعت اسلامی ہند شاخ سدا سوا پیٹ کی جانب سے مدینہ مسجد میں استقبال رمضان کے عنوان سے ایک اجتماع عام منعقد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا حامد محمد خان سابق امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ریاست تلنگانہ نے شرکت کرتے ہوئے خطاب فرمایا۔ اس موقع پر مولانا نے کہا کہ اللہ تعالی نے ماہ رمضان میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا کہ اے میرے نبی اگر میرے بندے میرے متعلق پوچھتے ہیں کہ ان سے کہو کہ میں بالکل قریب ہوں۔ رمضان قرب الٰہی کا مہینہ ہے۔ رمضان خلق خدا کے ساتھ ہمدردی اور خیر خواہی کا مہینہ ہے۔اُمت مسلمہ کو چاہیے کہ اس مہینے میں خوب عبادت کرتے ہوئے اپنے خدا کو راضی کروائیں۔ اس جلسے سے ناظم ضلع وقار آباد محمد امجد حسین نے بھی خطاب فرمایا۔جلسے کا آغاز مولانا محمد اسماعیل کے درس قرآن سے کیا گیا۔ اس جلسے میں محمد خواجہ علی مدرس نے نعت پاک پیش کیا۔ اور جلسے میں نظامت کے فرائض اختر حسین نے انجام دئیے۔ جلسے کی صدارت الحاج محمد اشفاق حسین امیر مقامی جماعت اسلامی ہند نے کی اور اس جلسے میں شرکت کرنے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ اور جلسے کے اختتام پر طعام کا نظم بھی رکھا گیا تھا۔