میدک /8 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع میدک کے ریگوڑ پولیس اسٹیشن کے تحت مرپلی گاٰں میں ہولی کے موقع پر زبردستی رنگ ڈالنے پر ایک شخص کو آگ لگادینے کا واقعہ پیش آیا ۔ ریگوڑ پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کی دوپہر اس وقت پیش آیا جب بی انجیا اپنے دوستوں ، رشتہ داروں اور گاٰں والوں کے ساتھ ہولی منارہا تھا ۔ انجیا نے اپنے دوست محمد شبیر پر بھی رنگ پھینکا ، پولیس نے بتایا کہ برہم شبیر نے پٹرول چھڑک کر انجیا کو آگ لگادی ۔ گاوں والوں نے پانی ڈال کر آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن اس وقت تک انجیا کے کندھے اور ہاتھ شدید جھلس چکے تھے ۔ گاوں والوں نے ریگوڑ پولیس کو اطلاع دی اور زخمی کو سنگاریڈی کے سرکاری ہاسپٹل اور وہاں سے گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔پولیس نے بتایا کہ اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔ ملزم کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔