روز کھاؤ انڈے

   

پیارے بچو !ٹیچر کا دِیا ہوا انڈا آپ کو ہرگز پسند نہیں ہوگا ، لیکن آپ کی امی کا بنایا ہوا انڈے کا آملیٹ یا اُبلا ہوا انڈا تو آپ مزے لے لے کر کھاتے ہوں گے ۔ آج ہم آپ کو انڈے کے متعلق کچھ باتیں بتائیں گے۔ انڈے کو دنیا بھر میں ناشتے میں مکھن ٹوسٹ یا روٹی کے ساتھ کھاتے ہیں تو کچھ لوگ انڈے کے ساتھ ایک گلاس دودھ پی کر اپنے ناشتے کو مقوی بناتے ہیں۔ انڈے میں کیلشیم اور وٹامن کی بھرپور مقدار ہوتی ہے جس کی وجہ سے آدمی دن بھر چست و چالاک رہتا ہے۔ اس لئے مرد ہو یا عورت ، بچہ ہو یا بچی ناشتے میں انڈے کو ہی ترجیح دیتے ہیں۔ انڈے میں دو رنگ ہیں ۔ ایک زرد اور ایک سفید دونوں ہی پکنے کے بعد لذت دار ہوجاتے ہیں ، اس لئے کہا جاتا ہے کہ سنڈے ہو یا منڈے روز کھاؤ انڈے۔ انڈے کے استعمال کی زیادتی کے باوجود اس کی قیمت زیادہ نہیں ، اس لئے ہر گھر میں ہر شخص ایک یا دو انڈے ہر روز کھالیتا ہے جس طرح ڈاکٹر کہتے ہیں کہ ہر روز ایک سیب کھاؤ اور صحت مند رہو ، اسی طرح قدرت کا ایک اور عطیہ انڈا ہے کہ روز ایک انڈا کھاؤ اور بیماریوں کو بھگاؤ۔