واشنگٹن : ایک ایسے وقت میں جب ماسکو یوکرین کی افواج پر حال ہی میں پکڑے گئے روسی فوجیوں کے خلاف جنگی جرم کے ارتکاب کا الزام لگا رہا ہے امریکی محکمہ خارجہ نے روس پر بھی ایسے ہی الزامات عائد کیے ہیں۔ العربیہ؍الحدث کے رپورٹر کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے کل پیر کو ایک بریفنگ میں کہا کہ روس نے یوکرین میں بڑے پیمانے پر لوگوں کو قتل کیا ہے۔اس نے یوکرین میں شہریوں پر حملوں اور ان کی ملک بدری کے واقعات کی تحقیقات کیلئے حمایت کی بھی تصدیق کی اور کیف کی جانب سے جنگ زدہ علاقوں میں شہریوں کی جبری ملک بدری کے سابقہ الزامات کا حوالہ دیا۔گذشتہ اتوار کو یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روس پر جنوبی خیر سون کے علاقے میں ’’سینکڑوں جنگی جرائم‘‘ کا ارتکاب کرنے کا الزام لگایا تھا۔ جبکہ انہوں نے کہا کہ تفتیش کاروں نے 400 سے زیادہ روسی جنگی جرائم کی دستاویزات جمع کیں اور شہریوں اور فوجیوں کی نعشیں برآمد کیں۔