بیجنگ ؍ ماسکو : روس اور چین کے درمیان ایک معاہدہ میں چاند پر بین الاقوامی اسٹیشن بنانے پر اتفاق کرلیا گیا۔ میڈیا کے مطابق معاہدہ روس کی اسٹیٹ کارپوریشن برائے خلائی سرگرمیوں اور چینی قومی خلائی انتظامیہ کے درمیان ہوا ہے۔ معاہدے کا مقصد چاند پر بین الاقوامی سائنسی اسٹیشن کی تخلیق کیلئے مخصوص شعبوں میں فریقین کے درمیان تعاون اور قانونی بنیاد فراہم کرنا ہے۔ اس معاہدہ کی میعاد 20 سال تک ہے جس کی بعد میں 5 سال کی مدت کی مزید تجدید کی جائے گی بشرط یہ کہ کوئی بھی فریق ابتدائی مدت کی میعاد ختم ہونے سے ایک سال پہلے معاہدے سے دستبردار نہ ہو۔
زبردستی کی شادی اور بیٹی کا قتل، افغان ماں کو سزا
کینبرا : آسٹریلیا میں زبردستی بیٹی کی شادی کرانے پر مسلمان ماں کو سزا سنادی گئی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق 50 سالہ افغان خاتون آسٹریلیا میں جبری شادی کے خلاف رائج قانون کے تحت سزا پانے والی پہلی شخصیت بن گئی ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق سکینہ محمد جان نامی والدہ پر معمولی رقم کے عوض 2019ء میں اپنی 21 سالہ بیٹی رقیہ حیدری کی 26 سالہ محمد علی حلیمی کے ساتھ شادی کروانے کا الزام ثابت ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کے ڈیڑھ ماہ بعد علی حلیمی نے رقیہ حیدری کو قتل کردیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتولہ کی والدہ کو 3 سال عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق سکینہ محمد جان نے جرم کا اعتراف نہیں کیا اور اس نے بیٹی کی موت پر افسوس کا اظہار بھی کیا ہے اور وہ مقدمہ کی سماعت کے دوران اپنی بے گناہی پر قائم رہیں۔ دوسری جانب استغاثہ کا کہنا تھا کہ معاشرتی دباؤ کی وجہ سے والدہ نے اپنی بیٹی کو شادی کرنے پر مجبور کیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا میں جبری شادی کے قانون کو 2013ء میں متعارف کرایا گیا تھا جس کے تحت زیادہ سے زیادہ 7 سال قید کی سزا ہے۔