روس میں مسافر ٹرین پٹری سے اتر گئی‘140 افراد زخمی

   

ماسکو : روس کے شہر وولگوگراد میں مسافر ٹرین مال بردار ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 140 افراد زخمی ہو گئے۔ روسی ریلوے کے مطابق ٹرین کازان سے ایدلر جارہی تھی کہ وولگو گراد کے قریب حادثہ پیش آیا۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ٹرک سے ٹکرانے کے بعد ٹرین کی 8بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں 140 افراد زخمی ہو گئے۔ ان میں 16افراد کو حالت تشویش ناک ہونے پر اسپتال میں داخل کروا دیا گیا۔ دوسری جانب حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،جب کہ تفتیشی کمیٹی نے حادثہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔