کیف : یوکرینی افواج کا کہنا ہے کہ روسی افواج نے جنوبی یوکرین میں حال ہی میں خالی کیے گئے شہر کھیرسن میں گولہ باری اور میزائل حملے تیز کردیے ہیں۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں خالی کرائے گئے یوکرینی شہر کھیرسن میں روس نے شہری علاقوں کو ہدف بناتے ہوئے 33 میزائل داغے ہیں۔دوسری جانب روس نے شہریوں کو نشانہ بنانے کی تردید کردی ہے۔مشرقی صوبے ڈونیسٹک میں یوکرین کے زیر قبضہ شہر باخموت کے اطراف شدید جھڑپیں جاری رہیں جبکہ شمالی صوبے لوہانسک کے شہر سواتوو اور کریمنا کے اطراف یوکرینی افواج روسی دفاع کو ناکام بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز (28 دسمبر کو) یوکرین میں فضائی حملے کے سائرن کی آوازیں سنی گئیں، یوکرینی سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق پڑوسی ملک بیلاروس میں موجود روسی طیاروں کے اڑان بھرنے کے بعد ملک بھر میں الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔تاہم رائٹرز نے ان معلومات کی فوری تصدیق نہیں کی ہے۔