ماسکو : روسی فوج نے ہفتے کے روز تصدیق کی ہے کہ اس نے یوکرین میں جمعہ کو شروع کیے گئے شدید حملوں کے ذریعے غیر ملکی ہتھیاروں کی کھیپ کو یوکرین کی افواج تک پہنچنے سے روک دیا تھا اور اسی حملہ کی وجہ سے پورے ملک میں بجلی معطل ہوگئی تھی۔روس کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ درست ہتھیاروں کے ساتھ ایک بڑا حملہ جمعہ 16 دسمبر کو کیا گیا جس میں ملٹری کمانڈ سسٹم، ایک ملٹری اور انڈسٹریل کمپلیکس اور یوکرینی توانائی کے مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ حملوں سے توانائی کی تنصیبات اور فوجی انتظامی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔اس نے مزید کہا کہ ہم نے اس حملے سے اپنا مقصد حاصل کر لیا اور تمام شناخت شدہ سائٹس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔اس حملے کے نتیجے میں غیر ملکی ساختہ ہتھیاروں اور گولہ بارود کی کھیپ کو روک دیا گیا۔ اس کے علاوہ جنگی علاقوں کی طرف یوکرینی افواج کے ذخائر کی پیش رفت بھی روک دی گئی اور ہتھیاروں کی تیاری اور مرمت کے کام کو معطل کر دیا گیا۔