روس ہمارے شہریوں کی ہلاکت کا ذمہ دار : پولینڈ

   

وارسا : پولینڈ کے وزیر اعظم ‘ماتیوش موراویئسکی’ نے کہا ہے کہ پولینڈ میں 2 شہریوں کی ہلاکت کا ذمہ دار روس ہے۔موراویئسکی نے کل ایک ٹیلی ویژن پروگرام میں شرکت کی اور پولینڈ میں گرنے والے میزائلوں کے بارے میں بیانات جاری کئے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ماہرین راکٹوں اور بیلسٹک میزائلوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہمارے شہریوں کی موت کا ذمہ دار روس ہے۔ روس صرف یوکرین پر ہی حملے نہیں کر رہا بلکہ میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے ساتھ پولینڈ کے خلاف بھی دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ماتیوش موراویئسکی نے کہا کہ ہم امریکہ سے جدید اسلحہ خرید رہے ہیں۔ ہم روس کو پولینڈ کو ہضم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔یورپی یونین کے ہائی کمشنر برائے امورِ خارجہ اور یورپی کمیشن کے نائب سربراہ جوزف بوریل نے بھی پولینڈ میں گرنے والے میزائل کے بارے میں جاری کردہ تحریری بیان میں کہا ہے کہ یہ المناک واقعہ، روس کی طرف سے یوکرین کے شہروں، شہریوں اور شہری انفراسٹرکچر کو ہدف بنا کر کئے گئے ایک اور، میزائل حملے کا نتیجہ ہے۔ یہ حملے بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔