روہت اور گل کی سنچریاں، سرفراز کی برق رفتار بیٹنگ ، ہندوستان کو سبقت

   

دھرم شالہ ۔ ہندوستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف دھرم شالہ میں کھیلے جارہے ہیں پانچویں ٹسٹ میں کپتان روہت شرما اور ساتھی اوپنر شبمن گل کی سنچریوں کی بدولت کھیل کے دوسرے دن مستحکم موقف حاصل کرلیا ہے۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام پر ہندوستان کا اسکور 473/8 تھا اور اسے مہمانوں پر255 رنزکی برتری حاصل ہوگئی۔ کلکے اسکور 135/1 پر دوبارہ اننگز شروع کرتے ہوئے روہت اور گِل دن کے ابتدائی سیشن میں حاوی رہے اور160 رنزکی رفاقت نبھائی، جو سیریز میں ہندوستان کی مسلسل دوسری سنچریکی شراکت ہے۔ یہ جوڑی انگلینڈ کو کھیل میں آنے دینے کے موڈ میں نہیں تھی اور دونوں نے اپنی سنچری تین گیندوں کے فرق سے حاصل کی ۔ روہت ٹام ہارٹلی کی گیند پرکلپ تھرو مڈ وکٹ کے ساتھ سیریز کی اپنی دوسری سنچری اور مجموعی طور پر12ویں سنچری بنا کر تین ہندسوں تک پہنچنے والے پہلے کھلاڑی تھے۔ اگلے اوور میں شبمن گل نے سیریزکی اپنی دوسری اور ٹسٹ میں چوتھی سنچری بنائی۔ ہندوستان 264/1 کے اسکور کے ساتھ لنچ میں گیا۔انگلینڈ نے ایک مشکل صبح کے بعد آخرکار کامیابی حاصل کی اور یہ کپتان بین اسٹوکس تھے جنہوں نے 9 ماہ بعد بولنگ کی اور پہلی ہی گیند پر روہت شرما کو بولڈ کیا ۔روہت کی طرف سے ایک عمدہ اننگز 103 کے اسکور پر ختم ہوئی۔ ہندوستانی کپتان آف اسٹمپ بکھر نے سے آوٹ ہوئے۔ اس کے بعد ڈیبیو کرنے والے پیڈیکل گِل کے ساتھ شامل ہوئے لیکن جیمز اینڈرسن نے اس شراکت داری کو ختم کرتے ہوئے، گل کو 110 کے اسکور پر بولڈ کیا ۔ سرفراز خان ہندوستان کے لیے نمبر5 پر بیٹنگ کرتے ہوئے پیڈیکل کے ساتھی بنے۔ اس جوڑی نے ہندوستان کے لئے اسکورکو مستحکم کیا اور لنچ کے بعد انگلینڈ کی دہری کامیابی کے بعد رفتار واپس پکڑ لی۔ پیڈیکل نے اپنی مہارت کا مظاہرہ کرنے میں کوئی وقت ضائع نہیں کیا۔ پیڈیکل نے 10 چوکوں اور ایک چھکے سے 65 رنز اسکور کے ۔ ان کے برعکس سرفراز نے ابتدا میں محتاط انداز میں بیٹنگکی لیکن تیزی سے گیئرز تبدیل کر کے اپنی تیسری ٹسٹ نصف سنچری تک پہنچنے کے لیے جارحانہ شاٹس استعمال کئے ۔سرفراز نے 60 گیندوں میں تیز رفتار 56 رنز بنائے جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے ۔انگلینڈ کیلئے شعیب بشیر کامیاب ترین بولر ثابت ہوئے انہوں نے 44 اوورس میں 4 وکٹیں حاصل کی ۔
روہت نے سرفراز کی بات نہیں مانی
دھرم شالہ ۔ ہندوستانی ٹیم کی فیلڈنگ کے دوران سرفراز خان بھی اس وقت سرخیوں میں آگئے جب انہوں نے جیک کرولی کا کیچ پکڑا۔ امپائر نے انگلش کھلاڑی کو ناٹ آؤٹ دیا اور سرفراز کپتان روہت شرما سے ڈی آر ایس مانگتے رہے لیکن کپتان نے ڈی آر ایس نہیں لیا۔ بعد میں ری پلے میں پتہ چلا کہ کرولی آؤٹ ہو چکے ہیں۔ اس کے بعد سرفراز اور روہت مسکراتے ہوئے نظر آئے۔ روہت کے اس فیصلے سے ٹیم کو زیادہ نقصان نہیں ہوا اور انگلینڈ کی ٹیم 218 رنز پر ڈھیر ہو گئی لیکن سرفراز کی کپتان سے ڈی آر ایس طلب کرنے کا موقع سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ۔