روہت شرما کو ٹی20 کپتان بنانے کی حمایت

   

نئی دہلی ۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) میں ایک مرتبہ پھر ناکامی کے بعد ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کو کپتانی کی کچھ ذمہ داریاں روہت شرما کے حوالے کرنے کے بارے میں بحث کی جا رہی ہے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم رواں ہفتے میں آسٹریلیا کے لیے روانہ ہوگی جہاں وہ تین ٹی20، تین ونڈے اور چار ٹسٹ میچز کھیلے گی تاہم آسٹریلیا پہنچتے ہی انہیں کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدام کے طور پرخودکو ایک ہفتے قرنطینہ کرنا ہوگا۔آئی پی ایل کے فائنل کے بعد سابق اوپنر گوتم گھمبیر اور انگلینڈکے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا کہ روہت شرما کو ہندوستانی ٹی20کپتان کا عہدہ سنبھالنا چاہیے۔گوتم گھمبیر نے ای ایس پی این سے بات کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ روہت نے پانچ آئی پی ایل خطابات اپنے نام کرچکے ہیں جو ٹورنمنٹ کی تاریخ کے سب سے کامیاب کپتان بھی ہیں۔2013 میں سابق کپتان رکی پونٹنگ کی سبکدوشی کے بعد روہت شرما نے ممبئی انڈیزکی کپتانی کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں اور انہی کی قیادت میں ٹیم پانچ مرتبہ آئی پی ایل کی فاتح بنی۔ روہت شرما کو دورہ آسٹریلیا کے لیے ہندوستان کی ونڈے اور ٹی20 ٹیموں میں شامل نہیں کیا گیا۔ وان کی جانب سے بھی روہت شرما کے ٹی20 سیریز میں کپتان بننے کی حمایت کی گئی، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرروہت شرماکو بطور بہترین کپتان قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاشبہ روہت شرماکو ہندوستانی ٹی 20کا کپتان ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ (روہت شرما) ٹی 20 کھیلنا اور جیتنا جانتے ہیں اور اس طرح کوہلی کو بھی ایک عام کھلاڑی کی طرح کھیلنے کا موقع ملے گا۔مائیکل وان نے کہا کہ کوہلی کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کسی ناکامی کی وجہ سے نہیں بلکہ اس میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی بہتری ہے۔ خیال رہے کہ روہت شرما کو دورہ آسٹریلیا کے لئے ہندوستان کی ونڈے اور ٹی20 ٹیموں میں شامل نہیں کیا گیا ہے کیونکہ ہو عضلات میں جکڑن سے صحت یاب ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے آئی پی ایل کے چند میچزکھیلنے سے بھی محروم رہ گئے تھے۔33 سالہ شرما چار ٹسٹ میچوںکی سیریز میں حصہ لیں گے تاہم کوہلی ابتدائی ایڈیلیڈ ٹسٹ کے بعد رخصت کے باعث سیریزکے اگلے تین میچ نہیں کھیل سکیں گے۔