حیدرآباد۔/11 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ بی آر ایس رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی کا ضبط شدہ آئی فون 14 پرو میاکس واپس کردیا جائے۔ جسٹس وجئے سین ریڈی نے حضورآباد کے رکن اسمبلی کی جانب سے دائر کردہ لنچ موشن پٹیشن پر یہ فیصلہ سنایا۔ درخواست گذار کے وکیل رمنا راؤ نے عدالت کو بتایا کہ اسٹیشن ہاوز آفیسر نے کسی اکنالجمنٹ اور رسید کے بغیر ہی رکن اسمبلی کے فون کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ سیاسی مخاصمت کے تحت اسٹیشن ہاوز آفیسر اور دیگر 50 پولیس ملازمین نے ان کی قیامگاہ پر جبراً داخل ہوکر حراست میں لے لیا۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ کوشک ریڈی اور ان کے حامیوں نے پولیس عہدیداروں کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کی لہذا ثبوت کے طور پر فون کو تحویل میں لیا گیا ۔ جسٹس وجئے سین ریڈی نے فریقین کی سماعت کے بعد پولیس کو فون واپس کرنے کی ہدایت دی اور آئندہ سماعت 12 ڈسمبر کو مقرر کی۔1