ریاستی وزیر لکشمن کمار نے گاندھی بھون میں عوامی سماعت پروگرام میں حصہ لیا

   

شہر اور اضلاع سے درخواست گزاروں کی آمد ،مسائل کی یکسوئی کیلئے عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد : 19 اگست ( سیاست نیوز) وزیر ایس سی ڈیولپمنٹ اے لکشمن کمار نے آج کانگریس ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون میں عوامی سماعت پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے تحریری درخواستوں کو قبول کیا ۔ اندرا بھون میں عوامی سماعت پروگرام کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے جہاں شہر اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے عوام نے سینکڑوں کی تعداد میں پہنچ کر اپنے مسائل پیش کئے اور تحریری نمائندگی حوالے کی ۔لکشمن کمار نے بعض اہم درخواستوں پر عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت دی ۔ لکشمن کمار نے کہا کہ عوامی سماعت پروگرام سے شہر اور اضلاع کے عوام کو بڑی راحت ملی ہے ۔ سکریٹریٹ اور دیگر سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے کے بجائے عوام گاندھی بھون میں ہفتہ میں ایک دن راست طور پر ریاستی وزیر سے ملاقات کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکمہ جات کو درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف درخواستیں حاصل کرنا اس پروگرام کا مقصد نہیں بلکہ اس کی یکسوئی تک عہدیداروں سے ربط برقرار رکھا جائے گا ۔ انہوں نے ضلع کلکٹر اور دیگر عہدیداروں سے فون پر ربط قائم کیا ۔ لکشمن کمار نے کہا کہ حکومت خود عوام کے قریب پہنچ کر مسائل کی سماعت کررہی ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ترجیح عوام کی بھلائی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین کو حکومت پر تنقید کا کوئی حق نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ بی آر ایس کے 10سالہ دور حکومت میں فلاحی اسکیمات کو نظر انداز کردیا گیا ۔ کانگریس نے محض ڈھائی سال میں انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ نئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ۔1/S/m/b