ریاستی وزیر کونڈا سریکھا میڈیا کے روبرو رو پڑیں

   

سوشیل میڈیا میں مخالف ٹرولنگ پر صدمہ ، دو دن سے کھانا نہیں کھایا، کے ٹی آر کو انتباہ
حیدرآباد ۔30۔ ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر کونڈا سریکھا آج میڈیا کے روبرو جذبات سے مغلوب ہوکر رو پڑیں۔ انہوں نے سوشیل میڈیا میں ان کے خلاف پوسٹ پر ناراضگی جتائی اور گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کے دوران وہ رو پڑیں۔ رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کونڈا سریکھا نے کہا کہ حال ہی میں منعقدہ ایک پروگرام میں میدک کے بی جے پی رکن لوک سبھا رگھونندن راؤ شریک تھے ۔ پروگرام میں رگھونندن راؤ نے کونڈا سریکھا کو پھول کا ہار پہنایا۔ اس تصویر کو لے کر بی آر ایس کے قائدین اور حامیوں کی جانب سے کونڈا سریکھا کے خلاف ٹرول کیا جارہا ہے ۔ ریاستی وزیر کے بارے میں اہانت آمیز تبصرے کئے جارہے ہیں جس کے نتیجہ میں کونڈا سریکھا کافی دکھی ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ گلپوشی کو بنیاد بناکر ایک خاتون وزیر کے خلاف گھٹیا ریمارکس کرنا بدبختانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کل سے صدمہ میں ہیں اور انہوں نے غذا بھی نہیں لی ہے ۔ کونڈا سریکھا نے کہا کہ سوشیل میڈیا میں ان کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کو کوئی بھی خاتون برداشت نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کل سے وہ شدید صدمہ کا شکار ہیں اور انہوں نے ایک وقت کا کھانا بھی نہیں کھایا۔ کونڈا سریکھا نے بی آر ایس قائدین سے سوال کیا کہ وہ اپنی ماں بہنوں کو یہ پوسٹ دکھائیں اور ان کی رائے حاصل کریں۔ انہوں نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر سے سوال کیا کہ آپ کی بہن جس وقت جیل میں تھیں ، ہم نے ان کے خلاف کوئی پوسٹ سوشیل میڈیا میں نہیں کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے ٹی آر کے پاس خواتین کی کوئی عزت اور توقیر نہیں ہے۔ سریکھا نے کہا کہ جس وقت وہ بی آر ایس میں تھیں ، تب بھی اہانت آمیز رویہ کے سبب پارٹی کو چھوڑ دیا تھا۔ انہوں نے کے ٹی آر کو خبردار کیا کہ اگر دوبارہ اس طرح کی کوئی پوسٹ کی گئی تو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سوشیل میڈیا میں ٹرولنگ کی سائبر کرائم پولیس سے شکایت کی گئی ہے ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر دوبارہ اہانت آمیز پوسٹ کی گئی تو نتائج سنگین ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ان کے خلاف بلکہ وزیر پنچایت راج سیتکا کے خلاف بھی مہم چلائی گئی۔ کونڈا سریکھا نے کہا کہ پدمشالی طبقہ کے افراد کی جانب سے تلنگانہ بھون کے روبرو دھرنا دینے پر حملہ کیا گیا جو بدبختانہ ہے ۔ 1