ریاستی پارٹیوں، کانگریس اور لیفٹ کا اتحاد ضروری

,

   

بی جے پی کیخلاف قومی سطح پر ’اُصولی اتحاد‘ بنانے اسٹالن کی اپیل

نئی دہلی : چیف منسٹر ٹاملناڈو اور ڈی ایم کے سربراہ ایم کے اسٹالن نے کانگریس، بائیں بازو اور بی جے پی کی مخالف تمام اسٹیٹ پارٹیوں کے متحدہ محاذ کیلئے اپیل کرتے ہوئے آج کہا کہ ہر کسی کو اپنی انفرادی سیاسی روش بالائے طاق رکھتے ہوئے ’’ہندوستان کو بچانے کیلئے یکجا ہونا‘‘ ضروری ہے۔ انھوں نے کانگریس سے بھی اپیل کی کہ وہ کل ہند سطح پر پارٹیوں کے ساتھ ’’اُصولی اتحاد‘‘ قائم کرے جیسا کہ اس نے ٹاملناڈو میں ڈی ایم کے ساتھ قائم کر رکھا ہے۔ اسٹالن نے دہلی کو اپنے تین روزہ دورے کے دوران نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو خصوصی انٹرویو میں کہا کہ میری اپیل ہے کہ اگر ہم ہندوستان کا تنوع، اس کی وفاقیت، جمہوریت، اس کا سکیولرازم، اس کی مساوات، اس کا بھائی چارہ، اس کے ریاستی حقوق ، تعلیمی حقوق کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں تو پھر ہم تمام کو ہمارے انفرادی سیاسی طرزفکر کو چھوڑ کر متحد ہوجانا ضروری ہے۔ 69 سالہ لیڈر نے کہا کہ تمام پارٹیوں کو لازماً سمجھنا چاہئے کہ اتحاد میں طاقت ہے۔ ہر کسی کو ہندوستان کو بچانے کیلئے یکجا ہوجانا چاہئے۔ گزشتہ سال مئی میں چیف منسٹر ٹاملناڈو کا عہدہ
سنبھالنے والے اسٹالن نے مزید کہا کہ ڈی ایم کے ہمیشہ قومی سیاست میں کافی اہم رہی ہے اور وہ ہمیشہ ایسے ہی رہے گی۔ وہ کل قومی دارالحکومت میں ایک ڈی ایم کے آفس کا افتتاح کریں گے۔ ڈی ایم کے اب پارلیمنٹ میں تیسری سب سے بڑی پارٹی ہے۔ اسٹالن نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ ریاستی سیاست اور قومی سیاست میں کچھ خاص فرق ہے۔ قومی سیاست ریاستوں کی سیاست کی ترکیب ہے۔ لہٰذا، دونوں کو علحدہ نہیں کیا جاسکتا ہے۔ بی جے پی پر کئی موقعوں پر شدید تنقیدوں کے بارے میں سوال پر اسٹالن نے کہا کہ بی جے پی کی مخالفت کرنا کسی سیاسی پارٹی سے بغض رکھنا نہیں ہے۔ ہم کسی انفرادی شخص نہیں بلکہ بی جے پی کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہیں۔ لہٰذا تمام تر تنقیدیں اُصولی بنیاد پر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس اور لیفٹ کے ساتھ محاذ بنایا جائے۔